ریو ڈی جنیرو میں اولمپکس کا باقاعدہ آغاز
افتتاحی تقریب میں شلوار قمیض اور واسکٹ زیب تن پاکستانی دستے نے بھی مارچ پاسٹ کیا ہے جس کی قیادت غلام مصطفٰی بشیر نے کی۔
برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں کھیلوں کے 31 ویں سب سے بڑے میلے ریو اولمپکس کا افتتاح ہو گیا۔
میگاایونٹ کی افتتاحی تقریب میں ماراکانا اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں جس میں اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر شاندار آتشبازی کی گئی جب کہ موسیقی کا بھی تڑکا لگا اور فنکاروں نے مختلف کرتب بھی دکھائے۔
تقریب کے آغاز میں برازیل کا ترانہ پڑھا گیا جس کے بعد میدان پر برازیلی جھنڈا لہرایا گیا۔ پروجیکشن اور رنگوں کےذریعے قدیم اولمپکس مقابلوں کےآغاز کی جھلک دکھائی گئی۔
اس مرتبہ میگا ایونٹ میں دنیا کے 205 ممالک کے 11 ہزار سے زائد ایتھلیٹس شریک ہیں۔ مختلف ممالک کے دستے ایک ایک کرکے ماراکانا اسٹیڈیم میں داخل ہوئے اور سب سے پہلے یونان کے دستے نے مارچ پاسٹ کیا۔