لائف اسٹائل

اداکارہ شمیم آرا انتقال کرگئیں

معروف پاکستانی اداکارہ اور ہدایت کارہ شمیم آراء گزشتہ 6 برس سے کومہ میں تھیں۔

لندن: معروف پاکستانی اداکارہ اور ہدایتکارہ شمیم آرا طویل علالت کے بعد 78 سال کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئیں۔

وہ طویل عرصے سے لندن کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔

واضح رہے کہ اداکارہ لندن میں اپنے بیٹے کے ساتھ رہ رہی تھیں اور گذشتہ 6 برس سے کومہ میں تھیں۔

شمیم آرا کا اصل نام پتلی بائی تھا، وہ 1938 میں ہندوستان کے شہر علی گڑھ میں پیدا ہوئیں۔

انہیں چار مرتبہ نگار ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

شمیم آرا کی بہترین فلموں میں فرنگی، آگ کا دریا، ہم راز اور دیوداس وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے ان فلموں کے ساتھ ساتھ پنجابی فلموں میں بھی اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جن میں جائیداد اور تیس مار خان شامل ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق اس حوالے سے حتمی فیصلہ شمیم آراء کے صاحبزادے کریں گے کہ ان کی تدفین لندن میں کی جائے گی یا پاکستان میں۔

شمیم آرا کے انتقال پر ستاروں کی تعزیت

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان کی نامور اداکارہ بشریٰ انصاری نے شمیم آراء کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر نہایت غمگین ہے، لیکن سب کو ایک دن جانا ہے، وہ کئی عرصے سے کومہ میں تھیں، لیکن پھر بھی دل کو تسلی تھی کہ وہ ٹھیک ہوجائیں گی، شمیم آراء نہایت خوبصورت اداکارہ تھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شمیم آرا مضبوط خاتون تھیں اور انہوں نے مجھے فلموں میں کام کرنے کی آفر بھی کی تھی۔

اداکارہ ریشم نے بھی اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ غم کی گھڑی ہے، میں نے شمیم آراء کی ہدایات میں کئی فلموں میں کام کیا، انہوں نے اپنے کیرئیر میں بہترین کام کیا ہے، میں ان کی آخری فلم کی ہیروئن تھیں اور میرا ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا‘۔