دلہنیں شادی کی تیاری کیسے کریں؟
شادی ہر کسی کی زندگی کا سب سے اہم دن ہوتا ہے کیوں کہ یہ وہی دن ہے جو آپ کو اپنی پوری زندگی یاد رہنے والا ہے۔
ہر کوئی اپنی شادی سے قبل کئی چیزوں کا انتظام شروع کردیتا ہے کیوں کہ ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی شادی بہترین انداز میں ہو۔
تاہم پھر بھی شادی سے قبل کئی بار دلہنیں کچھ ایسے ضروری کام کرنا بھول جاتی ہیں جو انہیں شادی کے دن یاد آتے ہیں تاہم پھر پچھتاوے کے سوا کچھ ہاتھ میں نہیں رہتا۔
ایسی ہی کئی ضروری باتیں جن کا خیال آپ کو اپنی شادی سے قبل رکھنا چاہیے مندرجہ ذیل ہیں:
شادی سے قبل اونچی ایڑی کے جوتے میں چلنے کی پریکٹس
پاکستانی شادیوں میں زیادہ تر دلہنیں اپنے ملبوسات کے ساتھ اونچی ہیلز کا انتخاب کرتی ہیں، تاہم شادی کے روز اپنے بھاری چوڑے کے ساتھ انہیں پہن کر چل نہیں پاتی۔
کئی لڑکیوں کو اونچی ہیلز میں چلنا کافی دشوار لگتا ہے اور اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ شادی سے قبل اونچی ہیلز میں چلنے کی پریکٹس کرلیں تاکہ وہ اپنی شادی کے روز مطمئن نظر آئیں اور ساتھ ہی بھاری لباس میں ہیلز پہن کر چلتے ہوئے گرنے کا خطرہ بھی نہ ہو۔
دھوپ میں زیادہ نہ گھومیں
اس بات کا خیال دلہا اور دلہن دونوں کو ہی رکھنا چاہیے کہ وہ اپنی شادی سے قبل دھوپ میں زیادہ نہ گھومیں، رنگ جیسا بھی ہو لیکن دھوپ سے خراب ہوئی جلد یقیناً آپ کی شادی کے روز آپ کا میک اپ اور انداز خراب کردے گی۔
بیوٹی پارلر کا جلد انتخاب
اپنی شادی سے قبل اپنے میک اپ کے لیے اچھے بیوٹی پارلر کا جلد انتخاب کرلیں، اس کے علاوہ کوشش کریں کہ آپ جہاں سے تیار ہونے جارہی ہیں اس پارلر اور اس کے میک اپ کے بارے میں آپ کو اچھی طرح معلوم ہو، کئی پارلرز شادی کے روز چہرے پر بے انتہا میک اپ تھوپ دیتے ہیں جس سے آپ کسی کیک سے کم نہیں نظر آتیں، اس لیے کوشش کریں کہ شادی کے روز بھی کم سے کم میک اپ کروائیں جس سے آپ کی اصل خوبصورتی ظاہر ہو۔
تصاویر کے لیے اچھے پوز
کئی بار تصویر بنواتے وقت ہمیں خیال بھی نہیں آتا کہ ہم کیسے لگ رہے ہوں گے اور کئی سالوں بعد ان تصاویر کو دیکھ کر بہت برا لگتا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ہم غلط انداز میں تصویر بنواتے ہیں، کوشش کریں کہ اپنی شادی سے قبل تصاویر کے لیے ڈھنگ کے پوز بنانا سیکھ لیں جس سے آپ کارٹون نہ لگے ساتھ ساتھ جب بھی آپ ان تصاویر کو دیکھیں آپ کو اپنی شادی کے بہترین لمحات یاد آجائیں۔
متوازن غذا کھائیں
اپنی صحت کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے اور کوشش کریں کہ اپنی شادی سے قبل متوازن غذا کا استعمال شروع کردیں جس سے آپ کا آپ فٹ رہیں اور موٹاپے سے بچ سکیں۔
نیند پوری کریں
نیند ہر انسان کے لیے بے حد ضروری ہے اور اگر آپ اپنی شادی کے روز ترو تازہ نظر آنا چاہتے ہیں تو اپنی نیند کو ضرور پورا کریں، نیند پوری کرنے کا ایک اور فائدہ آنکھوں کے نیچے حلقے نہ ہونا ہے۔