عروہ نے ’رنگریزا‘ میں ثناء جاوید کی جگہ لے لی
ثناء جاوید نے گھریلو مصروفیات کی بنا پر فلم ’رنگریزا‘ کرنے سے معذرت کرلی، اب ان کی جگہ عروہ حسین مرکزی کردار کریں گی۔
پاکستانی اداکارہ ثناء جاوید فلم ’رنگریزا‘ کے ساتھ ڈیبیو کرنے جارہی تھیں تاہم انہوں نے گھریلو مسائل کی وجہ سے فلم میں کام کرنے سے معذرت کرلی اور اب ان کی جگہ عروہ حسین مرکزی کردار ادا کریں گی۔
فلم ’رنگریزا‘ میں گوہر رشید اور بلال اشرف بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
ان دونوں اداکاروں کی ایک ساتھ یہ تیسری فلم ہوگی۔ اس سے قبل دونوں نے ہدایت کار جمی کی فلم ’آپریشن 021‘ میں منفرد کردار ادا کیا تھا جبکہ دونوں فلم ’یلغار‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: ثنا جاوید کی ڈیبیو فلم میں بلال اور گوہر بھی شامل
ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے فلم کے پروڈیوسر عثمان ملکانی نے بتایا کہ ’ہم نے عروہ کو فلم میں کاسٹ کرنے کے بارے میں زیادہ سوچا نہیں اور انھیں شوٹنگ سے کچھ گھنٹے قبل ہی سائن کیا، وہ ہماری فلم کے لیے کسی رحمت سے کم نہیں‘۔