لاڑکانہ: سندھو دیش ریولوشنری آرمی کا رینجرز پر حملے کا دعویٰ
سندھو دیش ریولوشنری آرمی نامی علیحدگی پسند تنظیم نے لاڑکانہ میں رینجرز پر ہونے والے بم حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔
حیدرآباد: سندھ کی علیحدگی پسند جماعت سندھو دیش ریولوشنری آرمی نے لاڑکانہ میں رینجرز پر ہونے والے 2 بم دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز میروخان روڈ پر ہونے والے دھماکوں میں ایک رینجرز اہلکار ہلاک اور دیگر 15 افراد زخمی ہوگئے تھے جن میں 5 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل تھے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کے قریب سے برآمد ہونے والے ایک پمفلٹ میں سندھو دیش ریولوشنری آرمی نے رینجرز پر ہونے والے حملوں کا اعتراف کیا۔
پمفلٹ کے مطابق 'ہم چاہتے ہیں کہ رینجرز سندھ کے تمام شہروں اور دیہی علاقوں سے فوری طور پر نکل جائے'۔