دنیا

ہندوستان: سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 50 سے متجاوز

سیلاب کے باعث ریاست آسام اور بہار میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے جنہیں امدادی کیمپس منتقل کیا گیا۔

گوہاٹی: مشرقی ہندوستان میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں کے باعث سیلاب کے نتیجے میں رواں ہفتے ہلاکتوں کی تعداد 50 سے زائد ہوگئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب کے باعث لاکھوں افراد متاثر بھی ہوئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لینے کے بعد گوہاٹی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے باعث دریاؤں کا پانی شمال مشرقی ریاست آسام کے دیہاتوں میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے ایک ہفتے کے دوران وہاں اب تک 26 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان: بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 40 ہلاک

انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث صورتحال سنگین ہوچکی ہے اور تقریباً 36 لاکھ افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے 60 کشتیاں استعمال کی جارہی ہیں۔

سیلاب متاثرین کے لیے ہائی ویز اور بالائی علاقوں میں امدادی کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: ہندوستان، نیپال میں طوفان سے 90 سے زائد ہلاکتیں

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب نے ریاست بہار کو متاثر کیا، جہاں اب تک 26 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مون سون بارشوں کے باعث سیلاب اور تودے گرنے سے ہندوستان اور اس کے پڑوسی ممالک نیپال اور بنگلہ دیش میں ہر سال متعدد افراد ہلاک ہوتے ہیں۔

نیپال میں بھی رواں سال سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 90 سے زائد افراد ہلاک، جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔