لائف اسٹائل

’ففٹی ففٹی‘ کی انگریزی پر امریکی حیران

اپنے وقت کے کامیاب پاکستانی مزاحیہ ٹی وی شو کے چرچے اب امریکا میں بھی ہونے لگے ہیں۔

اپنے وقت کا کامیاب پاکستانی مزاحیہ ٹی وی شو ’ففٹی ففٹی‘ کسے یاد نہیں ہوگا؟ اس بہترین ڈرامے کے چرچے اب امریکا میں بھی ہونے لگے ہیں۔

امریکی قونصلیٹ جنرل کراچی نے حال ہی میں فیس بک پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں کچھ امریکی افراد اس ڈرامے پر تجزیہ کرتے نظر آئے۔

اس دوران انہوں نے مل کر یہ پاکستانی ڈرامہ دیکھا جس کا نتیجہ خاصہ مزاحیہ ثابت ہوا جس کی وجہ ڈرامے میں موجود جملوں کو انگریزی میں ادا کرنا تھا۔

واضح رہے کہ ’ففٹی ففٹی‘ 80 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والا کامیاب مزاحیہ شو تھا جو امریکی کامیڈی شو ’سیٹرڈے نائٹ لائو‘ سے متاثر تھا۔

اس ڈرامے نے پاکستان میں مزاحیہ ڈراموں کے ٹرینڈ کا آغاز کیا۔

نامور ٹی وی ہدایت کار شعیب منصور کی پروڈکشن اور ہدایت میں بننے والے اس ڈرامے میں اداکارہ بشریٰ انصاری، جاوید شیخ، اسماعیل تارا، اشرف خان اور زیبا شہناز نے اہم کردار ادا کیے تھے۔

2005 میں اس ڈرامے کو انڈس ڈرامہ ایوارڈ میں دو اعزازات سے نوازا گیا تھا جس میں بہترین ہدایت کار اور بہترین پرفارمنس (زیبا شہناز) شامل ہیں۔