پاکستان

افغانستان سے کالاش پر حملہ، 2 پاکستانی ہلاک

بھاری ہتھیاروں سے لیس 30 دہشت گرد جاتے ہوئے 300 بکریاں بھی ساتھ لے گئے، ڈی سی او کالاش

پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع چترال کی کالاش ویلی میں افغانستان سے دہشت گردوں نے حملہ کر دیا جس سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔

چترال ڈسٹرکٹ پولیس افسر آصف اقبال نے بتایا کہ 'بھاری ہتھیاروں سے لیس 30 کے قریب مسلح دہشت گرد پاکستانی سرحدی علاقے کالاش کے ایک گاؤں، بمبورت کے قریب سے داخل ہوئے'۔

حملے کی اطلاع کےبعد مقامی افراد میں بےچینی پھیل گئی اور جب وہ حملے کے مقام پر پہنچے تو اس وقت تک دہشت گرد فرار ہوچکے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ دہشت گرد جاتے ہوئے 300 بکریاں بھی ساتھ لے گئے۔

خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں سیکیورٹی فورسز نے طورخم سرحد کے قریب افغانستان سے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنادیا تھا، جس میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے 16 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

مذکورہ واقعے میں سیکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا تھا کہ علاقے کے سرچ آپریشن کے دوران 12 حملہ آوروں کی لاشیں ملی ہیں۔