لاہور میں بچوں کے اغوا کے حقائق اور شبہات
لاہور :' ہیلو، رک جاﺅ اور ایک قدم بھی مزید آگے نہ بڑھانا، ورنہ ذمہ دار تم خود ہوں گے'۔ میں نے اچانک یہ چیخ سنی اور الجھن کا شکار ہوگیا کہ مسلح نوجوان مجھ سے بات کررہا ہے یا کسی اور سے؟ میں پیچھے مڑا تو پتا چلا کہ میرے پیچھے کوئی بھی نہیں تھا تو اس کا مطلب تھا کہ وہ نوجوان مجھ سے ہی بات کررہا تھا مگر کیوں؟ کیا میں کوئی دہشت گرد ہوں یا مجرم یا کچھ اور؟
خیالات کا یہ سلسلہ اس وقت ٹوٹ گیا جب میں نے دیکھا کہ ایک درمیانی عمر کی خاتون بھی ایک چھوٹی سی تنگ گلی، جو صرف چار فٹ چوری تھی، میں اپنے بچوں پر چیخ رہی تھی " فوری طور پر گھر کے اندر آجاﺅ، کیا تم چاہتے ہو کہ میں تمہیں ہمیشہ کے لیے کھو دوں، کیا تم میری بات نہیں سن رہے"، اور پھر خاتون نے اپنے تین چھوٹے بچوں میں سے ایک کو تھپڑ لگایا اور زبردستی اس کی مرضی کے بغیر گھر لے گئی، جس پر مار کھانے والا بچہ رونے لگا۔
یہ سب کچھ بہت کم دورانیے میں ہوا اور اسی اثناءمیں، میں نے کچھ ان تنگ گلیوں میں کچھ غیر معمولی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ اے تمہیں سمجھ نہیں آرہا، وہیں رک جاﺅں، اس وقت مجھے احساس ہوا کہ میں خاتون اور بچوں کے منظر کو دیکھتے ہوئے مزید چند قدم آگے بڑھ گیا۔
میں فوراً وہاں رک گیا اور فوری طور پر میرے حواس بحال ہوگئے اور میں نے پراعتماد انداز سے نوجوان سے پوچھا " ارے بھائی ، آخر مسئلہ کیا ہے جو تم نے اس گن کا رخ میری جانب کیا ہوا ہے" ´ میں ایک صحافی ہوں اور بچوں کے اغوا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر کام کررہا ہوں، میں نے سنا ہے کہ بادامی باغ کا علاقہ داتا نگر اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔