مارک زکربرگ ایک گھنٹے میں 3.4 ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے صرف ایک گھنٹے میں 3.4 ارب ڈالرز (3 کھرب 56 ارب پاکستانی روپوں سے زائد) کمالیے۔
مارک زکربرگ کی دولت میں یہ اضافہ اس وقت ہوا جب فیس بک کی جانب سے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی رپورٹ میں ویب سائٹ کے منافع میں ریکارڈ اضافہ دکھایا گیا۔
مثبت سہ ماہی رپورٹ کے باعث فیس بک کے حصص کی قیمت میں 6.5 فیصد اضافہ ہوا جس کا سب سے زیادہ فائدہ مارک زکربرگ کو ہوا۔
3.4 ارب ڈالرز کے اضافے کے نتیجے میں 32 سالہ مارک زکر برگ کے مجموعی اثاثے 56.7 ارب ڈالرز تک جاپہنچے اور وہ اس وقت دنیا کے 5 ویں امیر ترین انسان ہیں۔
فیس بک صارفین کی تعداد 1.71 ارب سے تجاوز
کیا آپ یقین کریں گے کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے صارفین کی تعداد اتنی ہوچکی ہے جتنی سو سال پہلے دنیا میں کل آبادی تھی۔
جی ہاں یہ دعویٰ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے کیا۔
گزشتہ شب فیس بک کی رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق فیس بک کے ماہانہ صارفین کی تعداد 1 ارب 71 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے۔
سب سے خاص بات یہ ہے کہ اب روزانہ ایک ارب سے زائد صارفین موبائل فون کے ذریعے فیس بک کو استعمال کرتے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ آئندہ سال کسی وقت صارفین کی تعداد دو ارب کا ہندسہ عبور کرجائے گی۔
فیس بک پر وقت گزارنے کی شرح میں بھی دوگنا اضافہ ہوا ہے تاہم اس حوالے سے اعدادوشمار پیش نہیں کیے گئے۔
فیس بک میسنجر کے صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ واٹس ایپ نے یہ سنگ میل چند ماہ پہلے ہی حاصل کرلیا تھا، دوسری جانب انسٹاگرام کے صارفین کی تعداد 500 ملین سے زیادہ ہے۔
مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ ہماری ترجیح ویڈیو ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ آئندہ پانچ سال کے اندر آن لائن بیشتر مواد ویڈیو کی شکل میں پوسٹ ہوگا۔
اور ہاں فیس بک پر روزانہ ڈھائی ٹریلین پوسٹس ہورہی ہیں اور 2 ارب سرچز بھی کی جاتی ہیں۔
یعنی فیس بک سرچ کے معاملے میں بھی گوگل کے مقابلے پر آنا چاہتی ہے تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ میں انٹرنیٹ کی بجائے سائٹ سے متعلق مواد ہی ڈھونڈا جاسکتا ہے۔
تین ماہ کے اندر فیس بک نے اشتہارات اور دیگر چیزوں کی مدد سے 6.44 ارب ڈالرز کمائے جن میں سے 2.05 ارب ڈالرز منافع تھا جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 59 فیصد زیادہ ہے۔