جاپان: معذوروں کے سینٹر میں چاقو سے 19 افراد قتل
ٹوکیو: جاپان کے شہر ساگامیہارا میں ایک شخص نے معذوروں کے سینٹر پر چاقو سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعے کے بعد ایک 26 سالہ شخص نے پولیس اسٹیشن میں گرفتاری دیتے ہوئے سوکی یمایوری (Tsukui Yamayuri) سینٹر میں موجود لوگوں پر چاقو سے حملے کا اعتراف کیا۔
واضح رہے کہ مذکورہ شخص اس سینٹر کا ایک سابق ملازم ہے۔
جاپانی اخبار 'اساہی شمبن' کے مطابق حملہ آور کا کہنا تھا، 'تمام معذوروں کو غائب ہوجانا چاہیے'۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق
ٹوکیو میں معذوروں کے سینٹر میں ایک شخص کا چاقو سے حملہ
19 افراد ہلاک ہوئے
متعدد افراد زخمی ہوئے
حملہ آور نے پولیس کو گرفتاری دے دی
واقعے کے بعد ایمبولینسز، پولیس کی گاڑیاں اور فائر ٹرک جائے وقوع کی جانب روانہ ہوئے۔
فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک ترجمان کے مطابق واقعے میں 25 افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 20 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔