قائم علی شاہ کے بعد سندھ کا نیا وزیراعلیٰ کون ہوگا؟
نئے وزیراعلیٰ کے لیے مراد علی شاہ، سہیل انور سیال، آغا سراج درانی اور نثار کھوڑو کے نام گردش کررہے ہیں۔
کراچی: دبئی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سندھ کے وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کو تبدیل کرنے کے فیصلے کے بعد ان کے جانشین کے حوالے سے کئی نام گردش کررہے ہیں۔
قائم علی شاہ 3 مرتبہ وزیراعلیٰ سندھ کے منصب پر فائز رہ چکے ہیں، وہ 1988، 2008 اور 2013 کے عام انتخابات کے بعد اس منصب پر فائز ہوئے۔
سندھ کے نئے وزیراعلیٰ کے حوالے سے موجودہ صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ، وزیر داخلہ سہیل انور سیال، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور وزیر تعلیم نثار کھوڑو کو مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے۔
مراد علی شاہ
سندھ کے موجودہ وزیر خزانہ مراد علی شاہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ٹکٹ پر سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، وہ 1962 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔