کھیل

ویرات کوہلی کی ٹیسٹ کرکٹ میں ریکارڈ ڈبل سنچری

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنا کر کوہلی ملک سے باہر ڈبل سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی کپتان بن گئے۔

کولکتہ: ہندوستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنا کر اپنے ملک کے لیے ایک اور ریکارڈ بنا لیا۔

ویرات کوہلی ٹیسٹ کرکٹ میں ملک سے باہر ڈبل سنچری بنانے والے ہندوستان ٹیم کے پہلے کپتان ہیں جبکہ اپنے سابق 197 رنز کی انفرادی اننگز کو بہتر کرلیا۔

انھوں نے 197 رنز پاکستان کی فرسٹ کلاس ٹیم سوئی نیشنل گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے خلاف ستمبر 2008 میں دہلی کی جانب سے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں محمد نثار ٹرافی میں بنائے تھے۔

ویسٹ انڈیز کے شہر اینٹیگا میں جاری ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے کوہلی کی ڈبل سنچری کی بدولت کھانے کےوقفے تک 4 وکٹوں پر 404 رنز بنا کر اپنی گرفت مضبوط کرلی تھی جبکہ ان کا ساتھ ایشون دے رہے تھے جو 64 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔

مزید پڑھیں: کوہلی کی کرکٹ کے دلچسپ اعداد وشمار

ویرات کوہلی کھانے کے وقفے کے بعد اپنے اسکور میں اضافہ نہ کر پائے اور 200 کے انفرادی اسکور پر گیبرئیل کا نشانہ بنے، انھوں نے ڈبل سنچری کے لیے 283 گیندوں کا سامنا کیا اور24 چوکے لگائے۔

قبل ازیں کوہلی نے ایشون کے ساتھ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا تو ہندوستان کا اسکور 4 وکٹوں پر 302 رنز تھا اور 29 اوورز میں 102 کا اضافہ کیا جبکہ مجموعی شراکت 168 رنز کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی کرکٹرز کیلئے کوہلی بہترین مثال ہیں، ڈین جونز

واضح رہے ہندوستان کی رانجی ٹرافی کی فاتح ٹیم اور پاکستان کی قائداعظم ٹرافی کی فاتح ٹیم محمد نثار ٹرافی کے چارروزہ میچوں میں سالانہ مدمقابل ہوتی تھیں جس کا سلسلہ اب ختم ہوگیا ہے۔

پاکستان اور ہندوستان کی تقسیم سے قبل متحدہ ہندوستان کے ٹیسٹ کرکٹر محمد نثار کے نام سے شروع کی گئی یہ ٹرافی آخری دفعہ 2008 میں کھیلی گئی جبکہ اس سے قبل صرف 3 دفعہ منعقد کی گئی۔