برلن: جرمنی کے شہر میونخ کے ایک شاپنگ سینٹر میں فائرنگ کے واقعے میں حملہ آور سمیت 9 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
میونخ کے پولیس چیف ہوبرٹس اینڈرئی کے مطابق میونخ کے اولمپیا شاپنگ سینٹر میں حملہ کرنے والا 18 سالہ نوجوان ایرانی نژاد جرمن تھا، جس نے حملے کے بعد خودکشی کرلی۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس(اے پی) کے مطابق حملہ آور کے زیر استعمال کمرے کی تلاشی کے دوران اس بات کے کوئی شواہد نہیں ملے کہ اس کا تعلق شدت پسند تنظیم داعش سے تھا۔
میونخ کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ اس حملے کا تارکین وطن کی جرمنی آمد سے بھی کوئی لینا دینا نہیں تھا۔
فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ہلاک ہونے والے تین افراد کا تعلق کوسوو سے ہے اور کوسوو کے وزارت خارجہ نے اس بات کی تصدیق کردی ہے۔
باواریا کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ حملہ آور جرمنی میں پیدا ہوا اور یہیں پلا بڑھا جبکہ وہ اسکول کا طالب علم بھی تھا۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آور کے کمرے سے حملے کے حوالے سے ایک کتاب بھی ملی ہے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق
میونخ کے شاپنگ سینٹر میں فائرنگ
9 افراد ہلاک ہوئے
حملہ آور ایرانی نژاد جرمن شہری تھا
حملہ آور اکیلا تھا، جس نے بعدازاں خودکشی کرلی
متعدد زخمی افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں
پولیس کے مطابق حملہ آور کا ماضی میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں
ہلاک ہونے والوں میں کوسوو کے تین شہری بھی شامل
اس سے قبل پولیس نے بتایا تھا کہ وہ حملہ آور کے 3 ساتھیوں کو تلاش کر رہے ہیں۔
تاہم بعدازاں حکام نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ حملہ آور اکیلا تھا، جس نے شاپنگ سینٹر میں فائرنگ سے قبل ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ میں بھی فائرنگ کی۔
پولیس چیف ہوبرٹس اینڈرئی کے مطابق بچوں سمیت 16 افراد واقعے میں زخمی ہوئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔