کھیل

وزیراعلیٰ بلوچستان کا باکسر وسیم کو5 لاکھ انعام

بلوچستان حکومت وسیم کے امریکا میں ہونے والے مقابلے کے تمام اخراجات برداشت کرے گی؛ ثنااللہ زہری

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے پاکستان کی جانب سے پروفیشنل باکسنگ ٹائٹل حاصل کرنے والے محمد وسیم کو 5 لاکھ روپے انعام دینے کے ساتھ ساتھ امریکا میں مقابلے کے اخراجات اٹھانے کا بھی اعلان کردیا۔

محمد وسیم نے گزشتہ ہفتے سیئول میں فلپائن کے جیتھر الیوا کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کونسل کا سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیت لیا۔

وسیم پہلے پاکستانی باکسر ہیں جنہوں نے پروفیشنل ٹائٹل حاصل کیا ہے، انھوں نے گزشتہ برس پرفیشنل باکسنگ میں قدم رکھا تھا اور اس کی باقاعدہ تربیت امریکا اور جاپان سے حاصل کی۔

ڈان نیوز کے مطابق محمد وسیم نے کوریا میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بلوچستان واپسی پر آج وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے ملاقات کے دوران وسیم کو کامیابی پر مارکباد پیش کنرے کے ساتھ ساتھ 5 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا اور ساتھ ہی گھر دینے کا بھی اعلان کیا۔

مزید پڑھیں: وسیم نے سلور فلائی ویٹ ٹائٹل جیت لیا

ثنااللہ زہری کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ملک کے سفیر ہوتے ہیں اور وسیم نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت امریکا میں محمد وسیم کے مقابلے کا خرچ بھی برداشت کرے گی۔

محمد وسیم کو سلور فلائی ویٹ ٹائٹل میں فتح کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر اہم شخصیات نے مبارک باد دی تھی اور شہباز شریف نے ان کے لیے 5 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وسیم کی پروفیشنل باکسنگ میں دوسری کامیابی

کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ وسیم اس سے قبل تین مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں اور تینوں مقابلوں میں انہوں نے حریف باکسروں کو ناک آؤٹ کر کے فتح اپنے نام کی تھی۔

وسیم نے 2014 کے دولت مشترکہ گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا جبکہ 2010 کے ورلڈ کامبیٹ گیمز میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

فلپائن کے باکسر کو شکست دے کر وسیم فلائی ویٹ کیٹیگری کی عالمی درجہ بندی میں چوتھے نمبر پر براجمان ہو گئے ہیں۔