ایف بی آر نے آن لائن ٹیکس وصولی کا آغاز کردیا
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف روینو (ایف بی آر) نے رواں ماہ کے آغاز سے آن لائن سیلز ٹیکس وصولی شروع کردی ہے۔
ایک جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس (سی جی اے) کی مدد سے ایف بی آر نے ایک سوفٹ ویئر بنایا ہے، جس کے ذریعے سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر (ایس ٹی آر این) اور دکانداروں کی جانب سے کیے جانے والے سیل ٹیکس کٹوتیوں کے دعوؤں کی آن لائن تحقیقات کی جاسکیں گی۔
اس منصوبے پر کامیاب عمل درآمد کے ذریعے سے سیلز ٹیکس کی درست کٹوتی ممکن ہوسکے گی، مذکورہ سسٹم کے تحت یکم جولائی 2016 سے آئندہ سیل ٹیکس میں کٹوتی کی شرح 10، 20 اور 100 فیصد ہوگی۔
سسٹم کے ذریعے تمام اکاؤنٹینٹ جنرلز (اے جیز) کو ایف بی آر کے ڈیٹا بیس سے منسلک کردیا گیا ہے جس سے دکانداروں کے ایس ٹی آر این کی خود ساختہ تصدیق ممکن ہوسکے گی، مذکورہ سسٹم خود ساختہ طریقے سے لاگو شرح کے مطابق سیلز ٹیکس کی کٹوتی کرے گا۔
مذکورہ سسٹم سی جی اے اور اے جی آفس اسلام آباد نے یکم مئی 2016 کو پائلٹ منصوبے یا رہنما منصوبے کے طور پر شروع کیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سسٹم کے تحت ان دکانداروں سے مکمل سیلز ٹیکس کی کٹوتی کی جائے گی جن کے پاس ایف بی آر سے حاصل کردہ ایس ٹی آر این نہیں ہوگا، مذکورہ سسٹم کے تحت سرکاری اداروں اور وزارتوں سے کسی بھی قسم کے لین دین کیلئے حقیقی ایس ٹی آر این کی ضرورت ہوگی۔
یہ رپورٹ 21 جولائی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی