ڈونلڈ ٹرمپ باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد
اوہائیو: ارب پتی تاجر ڈونلڈ ٹرمپ 8 نومبر 2016 کو ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن پارٹی کے باضابطہ امیدوار نامزد ہوگئے۔
وائٹ ہاؤس تک پہنچنے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کا مقاملہ ممکنہ طور پر ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن سے ہوگا۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو کے کوئیکنز لونز ارینا میں ہونے والے ریپلکن پارٹی کے کنونشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح بڑا عالمی خطرہ: رپورٹ
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے 2472 میں سے 1725 مندوبین کی حمایت حاصل کی جس کا تناسب 69.8 فیصد بنتا ہے۔
نامزدگی حاصل کرنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'امریکی صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن پارٹی کا امیدوار نامزد ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہیں، میں سخت محنت کروں گا اور آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں گا'۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ڈیموکریٹ رہنما اور سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ 'ڈونلڈ ٹرمپ ری پبلکن امیدوار بن گئے ہیں، وائٹ ہاؤس سے انہیں دور رکھنے کے لیے دل کھول کر چندہ دیں'۔
واضح رہے کہ ابتداء ہی سے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی نامزدگی کی مہم تنازعات کا شکار رہی اور وہ اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہے۔
ابتداء میں ان کے مقابلے میں 16 ری پبلکنز تھے تاہم آہستہ آہستہ سب دستبردار ہوتے گئے۔