حال ہی میں کراچی میں دریافت ہونے والے اے ٹی ایم فراڈ کے حوالے سے کچھ خبریں سامنے آئی تھیں۔ ملزمان نے اسکیمر کو ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے بینکنگ ڈیٹا کے حصول کے لیے استعمال کیا۔
یہ اس طرح کے فراڈ کو دریافت کرنے کا پہلا موقع تھا، جس میں گرفتاریاں بھی عمل میں آئی تھیں۔
اسکیمرز کیا ہوتے ہیں؟
اسکیمرز ایسی ڈیوائس ہے جسے اے ٹی ایم کارڈ سلاٹ پر نصب کیا جاتا ہے جو میگنیٹک پٹی کے ڈیٹا کو پڑھتی ہے۔
اس دھوکے میں نہ رہیں کہ آپ کا کارڈ، جس میں ایک چپ ہوتی ہے، اس طرح کی ڈیوائس سے بچ سکتا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ خاص طور پر پاکستان میں بیشتر ٹرمینلز ایسے ہیں جہاں میگنیٹک پٹی کے ڈیٹا کو پڑھنے کے لیے پرانی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جارہا ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈیٹا اب تک اس پٹی میں اسٹور ہوتا ہے۔
اس معلومات کے ساتھ ایک جرائم پیشہ شخص آپ کے بینک اکاﺅنٹ تک رسائی حاصل کرسکتا ہے، جرائم پیشہ افراد اے ٹی ایم بوتھ کے اندر یا مشین میں ہی ایسی ٹیکنالوجی کو نصب کرسکتے ہیں جو آپ کے پن کوڈ کو جان سکے۔
اس پن کوڈ اور میگنیٹک پٹی کے ڈیٹا کو کلون کارڈز بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور اس معلومات کو آسانی سے کسی بھی اے ٹی ایم پر آپ کے اکاﺅنٹ کو خالی کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔
پن کوڈ کے حصول کے لیے ایک فرضی کی پیڈ کو اصل کی جگہ نصب کیا جاسکتا ہے یا اے ٹی ایم بوتھ یا مشین کے پاس موجود کیمرے کو نمبر جاننے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ کیمرہ کارڈ ریڈر کے قریب یا کیمرہ سلاٹ کے اوپر نصب کیا جاسکتا ہے۔
تو اسکیمرز کو کیسے پکڑیں؟
سب سے پہلے تو خود کو ایک مشکل ہدف بنائیں یا اس کے امکانات کو کم کریں۔
ایسے اے ٹی ایمز استعمال کریں جو دن بھر میں بہت زیادہ استعمال ہوتے ہوں۔
ایسے اے ٹی ایم کا انتخاب کریں جو جانے پہچانے ہوں یعنی آپ اکثر استعمال کرتے ہوں۔
فراڈ کرنے والوں کو کسی اے ٹی ایم میں ڈیوائسز نصب کرنے اور نکالنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ یہ کام زیادہ استعمال ہونے والے اے ٹی ایمز میں کرنے سے گریز کرتے ہیں، جہاں ان کی سرگرمیاں شکوک و شبہات کا باعث بن سکتی ہیں۔
شاپنگ مراکز میں یا کھلے عوامی مقامات پر موجود اے ٹی ایمز کا استعمال کسی دور دراز کونے میں واقع اے ٹی ایم سے بہتر ہوتا ہے جہاں لوگوں کی رسائی محدود ہے۔
ایسے اے ٹی ایمز جو کسی بینک برانچ کے اندر ہوں جہاں سے صارفین گزر کر دیگر سروسز کے لیے بینک میں جاسکیں، وہاں بھی اسکیمرز کے نصب ہونے کا امکان کم ہوتا ہے اور وہاں جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے، خاص طور پر معمول کے بینکنگ اوقات میں۔
مصروف اے ٹی ایمز کو اکثر بھرنے کی ضرورت ہوتی ہے، لہذا اس بات کے امکانات بہت زیادہ ہوتے ہیں کہ بینک کا عملہ کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمی کو پکڑ لے۔
کسی مخصوص اے ٹی ایم کا استعمال معمول بنالینا اور اس کے فیچرز کے بارے میں واقفیت آپ کو مشین میں کی جانے والی کسی بھی قسم کی تبدیلی کو پکڑنے میں مدد دیتی ہے۔