سائنس و ٹیکنالوجی

کیا آپ اسمارٹ فون کو ٹھیک چارج کررہے ہیں؟

ہمارے اسمارٹ فونز کی بیٹریاں بالکل ہماری طرح ہی حساس ہوتی ہیں اور زیادہ تناؤ بیٹری کی زندگی ختم کرتا ہے۔

ہمیں لگتا ہے کہ ہمارے اسمارٹ فون کی بیٹری بہت بری ہے کیونکہ وہ بمشکل ایک دن بھی پورا نہیں چل پاتی۔

مگر اس کی وجہ ہماری ڈیوائس نہیں بلکہ ہم خود ہیں جو اسے ہمیشہ غلط انداز سے چارج کرتے ہیں۔

جی ہاں ہم میں سے بیشتر کا خیال ہے کہ زیادہ چارج کرنا بیٹریوں کو طویل المعیاد بنیادوں پر نقصان پہنچاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم انھیں اسی وقت چارج کرتے ہیں جب وہ مردہ ہونے کے قریب ہوتی ہے۔

مگر ایسا کرکے ہم درحقیقت بیٹری کو زیادہ نقصان پہنچا رہے ہوتے ہیں۔

ایک ویب سائٹ بیٹری یونیورسٹی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ہمارے اسمارٹ فونز کی بیٹریاں بالکل ہماری طرح ہی حساس ہوتی ہیں، زیادہ تناؤ ان کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے اور بیٹری کی زندگی ختم کرتا ہے۔

تو یہ چند چیزیں جان لیں جو بیٹری کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہوتی ہیں۔

مکمل چارج ہونے پر چارجر سے لگا نہ رہنے دیں

بیٹری یونیورسٹی کے مطابق فون کو مکمل چارج ہونے کے بعد بھی پوری رات کے لیے چارجر پر لگا رہنے دینا درحقیقت طویل المیعاد بنیادوں پر بیٹری کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔

جب ہمارا اسمارٹ فون سو فیصد چارج ہوجاتا ہے اور پھر بھی چارجر پر لگا رہے تو بیٹری پر اسٹریس بڑھ جاتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ وہ بہت زیادہ تناﺅ کی زد میں آجاتی ہے جس کے نتیجے میں اس کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔

تو جب بیٹری مکمل طور پر چارج ہوجائے تو اسے چارجر سے ہٹالیں، یہ ایسے ہی ہے، جیسے سخت ورزش کے بعد پٹھوں کو آرام پہنچایا جائے، خود تصور کریں کہ اگر آپ لگاتار کئی گھنٹوں تک ورزش کریں تو کیا حال ہوگا؟

بیٹری کو سو فیصد تک چارج ہی نہ کریں

بیٹری یونیورسٹی کے مطابق لیتھیم آئیون بیٹریوں کو مکمل چارج ہونے کی ضرورت نہیں ہوتی، درحقیقت زیادہ بہتر تو یہ ہے کہ انہیں مکمل طورپر چارج ہی نہ کریں جس کی وجہ بیٹری میں موجود ایک ہائی وولٹیج اسٹریس ہوتا ہے جو طویل المیعاد بنیادوں پر نقصان پہنچاتا ہے۔

تو بیٹری کو جب ضرورت ہو چارج پر لگا دیں اور کچھ دیر بعد نکال لیں، اس میں کوئی برائی نہیں۔

جب موقع ملے فون کو چارج پر لگادیں

اسمارٹ فونز کو دن بھر میں کسی بھی وقت چارج پر لگانا زیادہ بہتر رہتا ہے بہ نسبت اُس وقت جب وہ بالکل خالی ہونے والا ہو اور زیادہ دیر کے لیے لگادیا جائے۔

بیٹری یونیورسٹی کے مطابق اپنے فون کو اُسی وقت چارج کرلیں جب اس کی بیٹری میں 10 فیصد کمی آگئی ہو، یقیناً بیشتر افراد کے لیے یہ ممکن نہیں ہوتا، لہذا جب بھی موقع ملے اسمارٹ فون کو پلگ پر لگادیں، دن بھر میں کئی بار فون کو چارج پر لگانے میں کوئی خرابی نہیں۔

اس سے نہ صرف بیٹری کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ دن بھر اس کا چارج بھی متاثر نہیں ہوگا۔

بیٹری کو ٹھنڈا رکھیں

اسمارٹ فون کی بیٹری حرارت کے حوالے سے بہت زیادہ حساس ہوتی ہے تو جب اسے چارج پر لگائیں تو اس کے کیس (کور) کو نکال دیا کریں تاکہ بیٹری گرم نہ ہوسکے۔ ضروری نہیں کہ ہر قسم کے کیس کو نکالا جائے تاہم اگر آپ محسوس کریں کہ چارجنگ کے دوران ڈیوائس گرم ہوجاتی ہے تو کیس کو ضرور نکال دیں۔ اگر گرم موسم میں باہر گھوم رہے ہیں تو فون کو کور رکھیں تاکہ بیٹری کو تحفظ مل سکے۔