کشمیر:ہندوستانی فوج کی فائرنگ سے سیکڑوں نوجوان نابینا
سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے مرکزی ہسپتال کو، گزشتہ 4 روز میں زخمی ہونے والے سیکڑوں مریضوں کے علاج معالجے میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ڈاکٹروں نے خبردار کیا ہے کہ کئی زخمی مریض شاٹ گن کے زخموں کے باعث اپنی بینائی کھو سکتے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں کشیدگی کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے، جبکہ ایمبولینسز کئی زخمیوں کو سری نگر کے سری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال (ایس ایم ایچ ایس) منتقل کر رہی ہیں، جہاں ایک ہی بیڈ پر کئی زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں کشیدگی برقرار، ہلاکتیں 30 ہوگئیں
ایس ایم ایچ ایس کے ایک ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹرز دن رات کام کر رہے ہیں، جبکہ ہفتہ کی صبح سے اب تک ہم آنکھوں میں شدید زخم والے 90 مریضوں کا آپریشن کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے زیادہ تر مریض اپنی ایک آنکھ کی بینائی سے محروم ہوچکے ہیں اور جب وہ ہسپتال سے جاتے ہیں تو ایک آنکھ والے لڑکے ہوتے ہیں۔