کشمیر میں کشیدگی برقرار، ہلاکتیں 30ہوگئیں
سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 30 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے افریقی ممالک کے دورے سے واپس آتے ہی کشمیر کے حوالے سے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی اور کشمیر میں عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔
جمعے کو ہندوستانی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے کشمیر کے مختلف علاقوں میں کشیدگی پائی جاتی ہے اور مشتعل افراد ہندوستان کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:حزب المجاہدین کے کشمیری کمانڈر کی ہلاکت پر پاکستان کی مذمت
ہنگامی اجلاس میں وزیراعظم کے علاوہ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی، وزیر برائے خارجہ امور سشما سوراج، وزیر دفاع منوہر پارریکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اور سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کشمیر کے حساس علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی تعداد بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں سیکیورٹی اداروں نے وزیر اعظم کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کشیدگی کو کم کرنے کیلئے اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔