تھریسا مے برطانوی وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گی
برطانوی عوام کے یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرنے کے فیصلے کے بعد کیمرون پر عہدہ چھوڑنے کیلئے شدید دباؤ تھا
لندن: برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا کہنا ہے کہ وہ رواں ہفتے بدھ کے روز اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے، جس کے بعد برطانیہ کی موجودہ وزیر داخلہ تھریسا مے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالیں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈیوڈ کیمرون نے ڈاؤنگ اسٹریٹ میں اپنی رہائش گاہ کے باہر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ 'میرے جانے کے بعد اسی شب ایک نیا وزیراعظم موجود ہوگا'۔
مزید پڑھیں: برطانیہ میں یورپی یونین سے علیحدگی کیلئے ریفرنڈم
انھوں نے مستعفی ہونے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بدھ ہی کے روز مستعفی ہونے سے قبل وہ آخری مرتبہ پارلیمنٹ میں سوالات کی نشست میں شرکت اور ملکہ ایلزبتھ سے بھی ملاقات کریں گے۔