پاکستان

’ایدھی سے زیادہ نوبیل انعام کا کوئی حقدار نہیں‘

نوبیل انعام یافتہ ہونے کےناطےمجھےنوبیل کیلئے نامزدگی کاحق حاصل ہے جس کیلئے میں عبدالستارایدھی کو نامزد کیا،ملالہ یوسفزئی

لندن: امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی ملالہ یوسف زئی کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں امن عبدالستار ایدھی سے زیادی نوبیل انعام کو کوئی حقدار نہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ سے بات کرتے ہوئے ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ ’میں معروف سماجی کارکن اور ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کرچکی ہوں، امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے کے ناطے مجھے یہ حق حاصل ہے کہ میں نوبیل کے لیے نامزدگی دے سکتی ہوں اور اس کے لیے میں نے عبدالستار ایدھی کو نامزد کیا۔‘

یہ بھی پڑھیں: عبدالستار ایدھی سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک

واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی گردوں کے عارضے کے باعث گزشتہ روز 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد انہیں جمعہ (آج) کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ایدھی ویلیج میں سپرد خاک کردیا گیا۔

عبدالستار ایدھی کو ناصرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے رہنماؤں کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے انتقال کی خبر غیر ملکی میڈیا میں بھی ممتاز طور پر نشر اور شائع کی گئی۔

مزید پڑھیں: انتقال کے بعد بھی انسانیت کی خدمت

ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف کے لیے امن کا نوبیل انعام بہت کم ہے، انہوں نے اپنی پوری زندگی انسانیت اور اس کی خدمت کے لیے وقف کردی جسے ہم کبھی نہیں بھولیں گے اور اگر ہم واقعی ان کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں ان کے راستے پر چلنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کبھی عبدالستار ایدھی سے ملاقات نہیں ہوئی لیکن فون پر ان سے بات ہوئی ہے، اور انہیں اس پر فخر ہے کہ انہیں ان سے بات کرنے کا موقع ملا۔