عالمی میڈیا کا عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت
عبدالستار ایدھی کی وفات سے جہاں پورا ملک غم کے عالم میں ڈوبا ہوا ہے وہیں، بین الاقوامی میڈیا نہ صرف عبدالستار ایدھی کی افسوسناک وفات پر انسانیت سے ان کی بے لوث محبت کا اعتراف کر رہا ہے، بلکہ اس کے ساتھ ساتھ زبردست خراج عقیدت بھی پیش کر رہا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اپنی ویب سائٹ پر عبدالستار ایدھی کی وفات کی خبر دیتے ہوئے ان کی سادگی، ایمانداری اور سخت محنت کے عزم کو نمایاں کرتے ہوئے ان کی انسانیت کے لیے خدمات کا تفصیلی جائزہ دیا۔
بی بی سی نے اپنی خبر میں لکھا کہ 'مقبول پاکستانی انسان دوست عبدالستار ایدھی جنہوں نے اپنی ساری زندگی غریبوں کے نام کردی وہ 88 کی عمر میں وفات پا گئے۔'
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی ویب سائیٹ پر تحریر کیا گیا کہ جنوبی ایشیائی ملکوں کے کئی لوگ انہیں 'زندہ ولی' مانتے تھے۔
رائٹرز کی خبر میں ہندوستان کی وزیر خارجہ کا بیان بھی شامل کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ”وہ (عبدالستار ایدھی) انتہائی عظیم انسان تھے اور انہوں نے اپنی پوری زندگی انسانیت کے نام کردی۔”
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بھی عبدالستار ایدھی کی وفات پر انسانیت کے لیے ان کی فلاحی خدمات کا مختصراً جائزہ لیا۔
ہندوستان ٹائمز نے عبدالستار ایدھی کی انسانی خدمت کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا۔ اپنی ویب سائیٹ پر ہندوستان ٹائمز نے عبدالستار ایدھی کی وفات کے متعلق خبر میں لکھا کہ عبدالستار ایدھی نے لاکھوں غریبوں کی مدد کی۔