عبدالستار ایدھی سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک
کراچی: دکھی انسانیت کے خادم اور بین الااقوامی شہرت یافتہ معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی سرکاری اعزاز کے ساتھ ایدھی ویلیج میں تدفین کردی گئی۔
قبل ازیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں عبدالستار ایدھی کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی جہاں مولانا احمد خان نیازی نے ان کی نمازِ جنازہ پڑھائی، صدر ممنون حسین، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد نمازِ جنازہ میں شریک تھی۔
اس موقع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات تھی۔
یہ بھی پڑھیں : عبدالستار ایدھی کا 88 سال کی عمر میں انتقال
نماز جنازہ کے باعث نیشنل اسٹیڈیم کی جانب جانے والی تمام شاہراہیں کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی تھیں جبکہ سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
بابائے خدمت کے جنازے میں شرکت کے لیے سندھ سمیت دوسرے صوبوں سے بھی لوگ کراچی آئے جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی، پاک سرزمین پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
عبد الستار ایدھی طویل عرصے سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے، ایک روز قبل انہیں طبیعت مزید خراب ہونے پر سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ گزشتہ رات انتقال کر گئے تھے، ان کی عمر 88 برس تھی۔