لائف اسٹائل

’سلطان’، پریم رتن دھن پایو کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام

سلمان خان کی فلم ’سلطان’ نے ریلیز کے پہلے روز 37-38 کروڑ روپے کمالیے، لیکن پریم رتن دھن پایو کا ریکارڈ نہیں توڑ پائی۔

ممبئی: بولی وڈ کے دبنگ خان سلمان خان کی فلم ’سلطان’ سینما گھروں کی زینت بن چکی ہے، جس نے ریلیز کے پہلے روز 37-38 کروڑ روپے کمالیے اور اسے شائقین کی جانب سے بھی بہترین ردعمل موصول ہورہا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق اگرچہ یہ اس سال کی پہلی فلم ہے جس نے پہلے ہی روز اتنا زیادہ بزنس کیا تاہم سلمان کی وہ فلم جس نے پہلے ہی روز ریکارڈ توڑ کمائی کی، وہ اب بھی سورج بھرجاتیہ کی ’پریم رتن دھن پایو’ ہی ہے، جس نے پہلے دن 40 کروڑ روپے کمائے۔

واضح رہے کہ سلمان کی فلم ’پریم رتن دھن پایو’ گذشتہ برس دیوالی کے موقع پر ریلیز کی گئی تھی، جس نے پہلے ہی روز 40 کروڑ روپے کی ریکارڈ کمائی کی تھی، فلم میں دبنگ خان کے ہمراہ سونم کپور نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

اب اس کا الزام عید کی چھٹیوں کو دیا جائے یا کچھ اور کہا جائے، لیکن باکس آفس انڈیا کی رپورٹس کے مطابق دبنگ خان کی ’سلطان’، پریم رتن دھن پایو کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام ہوگئی۔

مزید پڑھیں:سلمان خان کا ’سلطان‘ میں بالکل مختلف روپ؟

دوسری جانب قیاس آرائیاں ہیں کہ فلم عید کی چھٹیوں کے بعد ویک اینڈ پر اچھا بزنس کرے گی۔

سلمان خان کی فلموں کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ یہ عموماً 100 کروڑ کی دوڑ میں شامل ہوتی ہیں اور علی عباس ظفر کی ہدایات میں بننے والی ’سلطان’ کے حوالے سے بھی امید ہے کہ یہ سو کروڑ کلب کا حصہ بنے گی۔

یہ بھی پڑھیں:عامر خان، سلمان کی فلم دیکھنے کو بے تاب

دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی شائقین فلم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرر ہے ہیں۔

’سلطان’ میں سلمان خان نے ایک ریسلر کا کردار ادا کیا ہے، جس میں ان کے ہمراہ انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔