پاکستان

بحرین نے 82 پاکستانی قیدی رہا کردیئے

عیدالفطر کے موقع پر بحرین کے شاہی خاندان نے عام معافی دیتے ہوئے 82 پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر بحرین کے شاہی خاندان نے عام معافی دیتے ہوئے 82 پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کی جانب سے عام معافی کے بعد رہائی پانے والے 82 افراد کو پاکستانی سفارت خانے نے محفوظ مقام پر منتقل کردیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 'رہا کیے جانے والے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں اور وہ جلد اپنے رشتہ داروں کے ساتھ ہوں گے'۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ 'پاکستانی سفیر جاوید ملک کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے باعث اس بڑی تعداد میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی ممکن ہوئی، انھوں نے مئی 2016 میں ذاتی طور پر ان قیدیوں سے ملاقات اور مذکورہ معاملے پر بحرین انتظامی کے ساتھ بات چیت کی تھی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بحرین حکام کی جانب سے اس تعاون کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس معاملے پر خاص طور پر وزارت داخلہ بحرین کا شکر گزار ہے'۔