سعودی عرب: قطیف اور مدینہ منورہ میں خود کش دھماکے، 4 ہلاک
ریاض: سعودی عرب کے شہر قطیف اور مدینہ منورہ میں مساجد کے قریب 3 خود کش دھماکوں کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں نے عرب نیوز چینل العربیہ کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی اور جنت البقیع کے درمیان قائم سیکیورٹی ہیڈکوارٹر پر ایک خود کش بمبار نے خود کو زور دار دھماکے سے اڑا لیا۔
دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوئے، جن میں ایک خود کش بمبار اور 4 سیکیورٹی گارڈز شامل ہیں۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
عینی شاہدین کی جانب سے سماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں دھماکے کے بعد جائے وقوع سے دھواں اٹھتا دیکھا جاسکتا ہے۔
العربیہ کے مطابق دھماکوں کے نتیجے میں مسجد نبوی میں عبادت متاثر نہیں ہوئی۔
سعودی میڈیا کی جانب سے آنے والی رپورٹس کے مطابق سعودی حکام نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے قریب دھماکے کی تصدیق کردی ۔
قطیف میں دو دھماکے
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق مدینہ منورہ کے علاوہ سعودی عرب کے شہر قطیف میں قائم ایک مسجد فراج العمران کے باہر خود کش بمبار نے خود کو زور دھماکے سے اڑایا۔
دھماکے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سعودی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پہلے خود کش دھماکے کے کچھ ہی دیر بعد متاثرہ مسجد کے قریب دوسرا خود کش دھماکا بھی ہوا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ اس نے خود کش بمبار کی لاش کے ٹکرے دیکھے۔
غیر ملکی ٹی وی نیوز چینلز پر چلنے والی فوٹیج میں دھماکوں کے بعد آگ اور دھوئیں کے بادل دیکھے گئے۔
دھماکوں کے بعد امدادی اور سیکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق شوال کا چاند دیکھنے کیلئے عوام کی کثیر تعداد متاثرہ مساجد میں موجود تھی۔
اس سے قبل دن کے آغاز پر جدہ میں قائم امریکی قونصل خانے پر بھی خودکش حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔