ڈھاکا حملہ: امریکا کی تحقیقات میں تعاون کی پیشکش
امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری کا بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد کو ٹیلی فون، واقعے پر افسوس کا اظہار
ڈھاکا: امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو ڈھاکا کے ریسٹورنٹ پر حملے کی تحقیقات میں معاونت کی پیشکش کردی۔
دوسری جانب بنگلہ دیشی پولیس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ کس طرح دولت مند اور پڑھے لکھے نوجوان شدت پسندی کی جانب مائل ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش ریسٹورنٹ حملہ: ’نشانہ غیر ملکی تھے‘
پولیس کا کہنا ہے کہ جمعے کو ڈھاکا کے ریسٹورنٹ پر حملہ کرنے والے تمام 6 حملہ آور مقامی تھے اور یہ پریشان کن امر ہے کہ اب تک مستحکم سیکولر جمہوری ملک سمجھے جانے والے بنگلہ دیش میں کس طرح شدت پسندانہ نظریات پروان چڑھ رہے ہیں۔
اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی، تنظیم نے پانچ جنگنجوؤں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان حملے میں ملوث تھے۔