حکومت کا پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان
اسلام آباد: حکومت نے آئندہ ماہ کے لیے لائٹ ڈیزل کے علاوہ تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں جولائی میں برقرار رکھی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے حکومت نے یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یکم جولائی سے صرف لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5.38 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے عام آدمی کی روز مرہ کے معمولات زندگی متاثر نہیں ہوں گے، 'کیونکہ ایک عام آدمی لائٹ ڈیزل کا استعمال نہیں کرتا'۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات میں 8 روپے تک اضافے کی سفارش
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتوں کو برقرار رکھنے کیلئے حکومت 3 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی تجویز کے باوجود وزیر اعظم نے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اوگرا نے حکومت کو جولائی کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 1 روپے تا 8 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔
اوگرا کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ کو پیش کی جانے والی سمری میں تجویز دی گئی تھی کہ پیٹرول کی قیمت میں 1.93 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 3.75 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جائے۔
اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 8.62 روپے فی لیٹر اور ہائی اوکٹین کی قیمت میں 3.53 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی، جسے حکومت نے مسترد کردیا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔