خیبر پختونخوا افغانیوں کا ہے،محمود خان اچکزئی
کابل: پاکستانی سیاستدان اور خیبر پختونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے خیبر پختونخوا کو ’افغانیوں‘ کا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی کو، افغان مہاجرین کو ان کی ’اپنی زمین‘ میں ہراساں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
افغان اخبار ’افغانستان ٹائمز‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ افغان پناہ گزین بلاخوف و خطر کے خیبر پختونخوا میں قیام کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر افغانیوں کو پاکستان کے دیگر حصوں میں بھی حراساں کیا جارہا ہو، تو انہیں بھی صوبہ خیبر پختونخوا آجانا چاہیے، جہاں کوئی ان سے مہاجرین کارڈز کے حوالے سے نہیں پوچھ سکتا، کیونکہ وہ صوبہ ان کا بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: طورخم بارڈر:افغان سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ،13 زخمی
پاک ۔ افغان سرحدی تنازع کے حوالے سے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور کابل کو طورخم بارڈر تنازع حل کرنے کے حوالے سے بہت احتیاط سے کام لینا چاہیے، دوسری صورت میں انہیں یہ معاملہ امریکا اور چین کے ہاتھوں میں دے دینا چاہیے جو یہ مسئلہ دو ہفتوں کے اندر حل کردیں گے۔
انہوں نے کہا کہ طورخم تنازع اور افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا معاملہ دو الگ، الگ معاملات ہیں، افغان پناہ گزینوں کے حوالے سے ناصرف افغان حکام بلکہ پاکستان کے پشتون سیاسی رہنماؤں میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں: پاک-افغان طورخم بارڈر 5 دن بعد کھول دیا گیا
پاکستان کی جانب سے بارڈر منیجمنٹ کے تحت غیر قانونی نقل و حمل روکنے کے لیے طورخم بارڈر پر اپنے سرحدی علاقے میں گیٹ تعمیر کرنے کے معاملے پر افغان سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پاکستانی علاقے میں بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر ہلاک جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اس تنازع کے بعد پاکستان کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے حوالے سے سخت پالیسی اختیار کی گئی تھی۔
رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی پاکستان میں قیام کی مدت 30 جون (آج) ختم ہورہی تھی، لیکن وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے گزشتہ روز ان کی مدت قیام میں ایک بار پھر 6 ماہ کی توسیع کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: افغان مہاجرین کے قیام میں 6 ماہ کی توسیع
پرویز خٹک کا ردعمل
محمود خان اچکزئی کے افغان اخبار کو دیئے گئے انٹرویو پر خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔
اپنے بیان میں پرویز خٹک نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام ان کے بیان کو مسترد کرتے ہیں اور ان کے بیان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی نے آج تمام پاکستانیوں کا سرشرم سے جھکا دیا، خیبر پختونخوا کے عوام نے 1947 میں پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا، جبکہ محمود خان اچکزئی کیا خیبر پختونخوا کے بغیر مکمل پاکستان کا تصور کرسکتے ہیں؟
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔