بولی وڈ پاکستانی اداکاراؤں کے بارے میں کیا سوچتا ہے؟
پاکستانی ڈرامے بولی وڈ میں بہت مقبول ہیں اور ودیا بالن تو انتہائی اشتیاق سے زندگی چینیل پر نشر ہونے والی پاکستانی شوز دیکھتی ہیں۔
تو بولی وڈ پاکستانی اداکاروں کو کیوں کاسٹ کرتا ہے اور وہ سینما میں پاک۔ انڈیا شراکت کے تصور کے بارے میں کیا سوچتا ہے ؟ ہندوستان ٹائمز نے اس حوالے سے انڈسٹری ماہرین سے رائے لی۔
انڈین سینما میں ایک نئی کشش کا اضافہ
بولی وڈ کے کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑا کے مطابق " پاکستانی اداکاراﺅں کو کاسٹ کرنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ وہ بہت زیادہ نیا پن لے کر آتی ہیں، جس کی وجہ یہ ہے یہاں (انڈیا میں) انہیں ٹی وی، فلم یا اشتہارات میں پہلے کسی نے نہیں دیکھا ہوتا، تو یہ ایک نیا پن ہوتا ہے، مزید برآں وہ خوبصورتی اور صلاحیت کا زبردست امتزاج ہوتی ہیں"۔
ان کے ساتھ کام کرنا بولی وڈ کی مقبول اداکاراﺅں کے مقابلے میں آسان ہوتا ہے
بولی وڈ کے ایک فلم ساز نے نام چھپانے کی شرط پر بتایا کہ بیشتر انڈین لڑکیوں کے برعکس پاکستانی اداکارائیں " بہت زیادہ پروفیشنل" ہوتی ہیں اور "غیر ضروری مطالبات" نہیں کرتیں، اسی طرح وہ ہندی زبان زیادہ اچھی بولتی ہیں " ان کی زبان زیادہ بہتر اور ان کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا (بیشتر انڈین اداکاراﺅں سے )"۔
ٹیکنالوجی نے ٹیلنٹ کی تلاش آسان بنادی ہے
بولی وڈ ناقڈ ترن آدرش کے مطابق " یہ ڈائریکٹر کا حق ہے کہ وہ ایسے اداکار کا انتخاب کرے جو اس کی فلم کے لیے فٹ ہو، سیٹلائیٹ ٹی وی اور انٹرنیٹ کی بدولت ہم اب ٹیلنٹ سے آگا ہوتے ہیں (دیگر ممالک کے اداکار)۔ تو ہم آسانی سے ان کی شناخت کرسکتے ہیں، مزید یہ کہ پاکستان میں ان کے کام کو دیکھ کر پتا چلتا ہے کہ وہ سب اچھے اداکار ہیں"۔
اس کا انحصار کردار پر ہوتا ہے
فلم رئیس کے ڈائریکٹر راہول ڈھولکیہ کہتے ہیں " ایک ڈائریکٹر کی حیثیت سے میرا ماننا ہے کہ کسی اسٹار کے امیج پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے کردار پر توجہ دی جانی چاہئے، ہم نے دیگر لڑکیوں کا بھی آڈیشن کیا مگر ماہرہ خان کی اداکاری اور شخصیت سب سے بہترین رہی"۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔