لائف اسٹائل

سیف علی خان شوٹنگ کے دوران زخمی

سیف علی خان اپنی ہوم پروڈکشن فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئےجنہیں فوری طور پر ممبئی کے ایک ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ممبئی: بولی وڈ اداکار سیف علی خان اپنی ہوم پروڈکشن فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر ممبئی کے ایک ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق سیف علی خان اس وقت اپنی ہوم پروڈکشن میں بننے والی ایکشن فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کی ہدایات اکشت ورما دے رہے ہیں۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق ایک ایکشن سین کی شوٹنگ کے دوران سیف نے اپنا انگوٹھا زخمی کرلیا جس کے بعد انہیں ممبئی کے کوکیلا بین امبانی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سیف کی معمولی سرجری کی گئی تاہم انہیں ایک یا 2 دن میں ہسپتال سے فارغ کردیا جائے گا۔

سیف علی خان کی بہن اداکارہ سوہا علی خان نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ سیف کو جلد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔

سیف علی خان نے حال ہی میں اپنی فلم ’رنگون‘ کی شوٹنگ مکمل کی ہے جس کے بعد وہ اپنی پروڈکشن میں بننے والی ایکشن فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں جس کا نام اب تک سامنے نہیں آیا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔