امجد صابری قتل کیس میں اہم سراغ مل گئے،وزیراعلیٰ سندھ
قاتلوں کو جلد پکڑ لیں گے، امجدصابری کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے امداد، مقتول کی اہلیہ کوسرکاری ملازمت دینے کی پیشکش
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ قوال امجد صابری کے قاتلوں کو پکڑنے کے حوالے سے اہم پیشرفت کا دعویٰ کیا۔
سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب میں قائم علی شاہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امجد صابری کے معاملے میں اہم سراغ حاصل کرلیے ہیں اور قاتلوں کو جلد پکڑ لیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے امجد صابری کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کابھی اعلان کیا، جبکہ مقتول کی اہلیہ کو سرکاری ملازمت دینے کی بھی پیش کش کی۔
خطاب کے دوران وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کی زبان بھی کئی بار پھسلی اور انہوں نے امجد صابری کی جگہ جنید جمشید کو 'شہید' کہہ دیا جبکہ ایک شعر بھی غلط پڑھا۔