برطانوی عوام یورپی یونین سے انخلاء کے حامی
لندن: برطانیہ کے یورپی یونین کا حصہ رہنے یا انخلاء سے متعلق ہونے والے ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق برطانوی عوام کی اکثریت یورپی یونین سے نکلنے کی حامی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ریفرنڈم میں ریکارڈ 72 فیصد سے زائد ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔
نتائج کے مطابق یورپی یونین سے انخلاء کی حمایت میں 51.8 فیصد جبکہ مخالفت میں 48.2 فیصد افراد نے ووٹ دیا۔
برطانوی عوام کے فیصلے سے عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کو بھی پَر لگ گئے، جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں بھی نمایاں کمی ہوئی اور وہ 31 سال کی کم ترین سطح پر آگیا۔
مزید پڑھیں:برطانیہ میں یورپی یونین سے علیحدگی کیلئے ریفرنڈم
برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے یا انخلاء کے حوالے سے پولنگ گزشتہ روز یعنی 23 جون کو مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک ہوئی، ریفرنڈم میں تقریباً 4 کروڑ 64 لاکھ سے زائد افراد نے حق رائے دہی استعمال کیا۔
اس سے قبل کہا جارہا تھا کہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) اور اس کے مخالفین کی تعداد تقریباً یکساں ہے اور کوئی بھی گروپ کامیاب ہوسکتا ہے۔
اس ریفرنڈم کو برطانوی تاریخ کا اہم ترین لمحہ قرار دیا گیا اور برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے حامی و مخالفین بھی اس کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔