رمضان نشریات حرام ہیں: فتویٰ
فیصل آباد: سنی اتحاد کونسل اور جماعتِ اہل سنت پاکستان کے 100 مفتیان کرام نے ٹی وی چینلز کی رمضان نشریات کے خلاف اجتماعی فتویٰ جاری کرتے ہوئے 24 جون بروز جمعہ (18 رمضان المبارک) کو پورے ملک میں ان نشریات کے خلاف خطبات جمعہ دینے کا اعلان کردیا۔
یہ فتویٰ جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی، مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ اور سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر جماعت اہلسنت اور سنی اتحاد کونسل کے ایک سو مفتیان کرام نے جاری کیا۔
فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ رمضان نشریات کے پروگراموں کا اکثر حصہ خلاف شریعت امور پر مشتمل ہوتا ہے اور ایسے پروگراموں کو دیکھنا حرام ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ غیر عالم اور غیرمستند نااہل افراد کا اہم دینی و فقہی موضوعات پر گفتگو کرنا حرام ہے۔
فتویٰ کے مطابق رمضان نشریات کے نام پر ہونے والے دینی پروگراموں کی میزبانی نیم عریاں لباس پہننے والی اداکاراؤں سے کروانا حرام ہے۔
مزید کہا گیا کہ سحری اور افطار کی ٹرانسمیشن میں ہونے والے پروگراموں میں عموماً نہ صرف باجماعت نماز ترک ہوتی ہے بلکہ اکثر دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ نماز ادا ہی نہیں کی جاتی اور نماز جیسے اہم فرض کو ترک کرنا گناہ کبیرہ اور سخت حرام ہے۔
فتویٰ کے مطابق رمضان نشریات کے نام پر ہونے والے پروگراموں میں انعامات کی تقسیم اور معمولی چیزوں کے حصول کے لیے لوگوں کا طرز عمل ظاہر کرتا ہے کہ یہ قوم بھکاری ہے، جس سے پوری قوم کا تمسخر اڑایا جارہا ہے اور یہ قوم کے تشخص کو مجروح کرنے کے مترادف اور مجموعی طور پر قوم کی توہین ہے۔
رمضان نشریات میں نادار، مستحق اور بیمار لوگوں کو مدد دینے کے لیے سر عام بلانا بھی ناپسندیدہ ہے۔ لوگوں کو منظرعام پر لائے بغیر ان کی مد د کرنی چاہیے تاکہ ان کی عزت نفس مجروح نہ ہو اور ان کی پردہ پوشی کا بھی بھرم رہے، اسی طرح لاکھوں روپے ان کے نام پر بٹور کر انہیں چند ہزار روپے دینا بھی شرعاً ناجائز ہے، بلکہ حقیقتاً جس مستحق کے نام پر جو بھی فنڈ جمع کیا جائے وہ سارا اسے ہی دیا جانا چاہیے۔
مزید کہا گیا کہ رمضان المبارک عبادات و صدقات کے فروغ کا مہینہ ہے لیکن دینی پروگراموں کے درمیان ٹی وی چینلز پر چلنے والے غیر اخلاقی، فحاشی و عریانی پر مبنی اشتہارات حرام ہیں اور حرام مال کو نیکی و دین کے فروغ کے لیے خرچ کرنا بھی حرام ہے۔
فتویٰ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ رمضان نشریات کے نام پر ہونے والی خرافات کے خلاف حکومت اور پیمرا فوری نوٹس لے اور انہیں بند کیا جائے۔
جبکہ یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ جمعہ 24 جون (18 رمضان المبارک) کو پورے ملک میں رمضان نشریات کے نام پر ہونے والی خرافات کے خلاف خطبات جمعہ دیئے جائیں گے اور ایسے پروگراموں کے خلاف مذمتی قرار دادیں منظور کی جائیں گی اور عوام سے ایسے پروگراموں کے بائیکاٹ کی اپیل کی جائے گی۔
تجاویز
فتویٰ میں رمضان نشریات کی اصلاح کے لیے کچھ تجاویز بھی دی گئی ہیں، جو درج ذیل ہیں۔
دینی پروگراموں میں گفتگو کے لیے صرف مستند علماء اور دینی اسکالرز کوبلایا جائے۔
لائیو نشریات میں نمازوں کی ادائیگی کے لیے نشریات میں وقفہ کیا جائےاور شرکاء کی تعداد کے مطابق باجماعت نماز کی ادائیگی کے لیے اہتمام وانتظام کیا جائے۔
مخلوط دینی پروگراموں کو فی الفور بند کیا جائے اور دینی پروگراموں کوبھی شائستہ ،مہذب اور سنجیدہ بنایا جائے۔
دینی پروگراموں کے دوران چلنے والے اشتہارات فحاشی و عریانی سے پاک ہوں۔
پیمرا دینی پروگراموں کی مانیٹرنگ اور نگرانی کے لیے جید علماء و مفتیانکرام پر مشتمل اعلیٰ سطحی بورڈ تشکیل دے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔