پاکستان

راولپنڈی: میاں بیوی اور بیٹا 'غیرت کے نام' پر قتل

مقتول شخص کو منہ کے اندر تین گولیاں ماری گئیں جبکہ خاتون اور 4 سالہ بچے کے سر پر کلہاڑی کے وار کر کے قتل کیا گیا، پولیس

راولپنڈی: صوبہ پنچاب کے شہر راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ پر گورا خان پور کے علاقے میں نالے کے قریب میاں بیوی اور ان کے 4 سالہ بچے کی تشدد زدہ لاش ملی۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) غیاث گل کے مطابق قاتلوں نے مذکورہ شخص کے منہ کے اندر 3 گولیاں ماریں جبکہ خاتون اور 4 سالہ بچے کو سر پر کلہاڑی کے وار کرکے قتل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ جائے وقوع سے ایک موٹر سائیکل اور خاتون کا پرس بھی ملا، جس سے میک اپ کا کچھ سامان برآمد ہوا، تاہم انھوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ شخص کی جیب یا پرس سے کوئی قومی شناختی کارڈ نہیں ملا، جس سے پولیس کو ان کے خاندان کا سراغ مل سکے۔

ایس پی غیاث گل کے مطابق بظاہر یہ غیرت کے نام پر قتل کا کیس معلوم ہوتا ہے۔

دوسری جانب سب انسپکٹر (ایس آئی) ظہیر الدین بابر کا کہنا تھا کہ لاشوں کے ورثاء کی تلاش کے لیے علاقے میں اعلان بھی کروایا گیا ہے کہ وہ پولیس یا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتال سے رابطہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس بات کا تعین نہیں ہوسکا کہ قتل ہونے والے میاں، بیوی تھے اور بچہ ان کا بیٹا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے معلومات کے لیے ڈے این اے ٹیسٹ کے لیے لاشوں کے خون کا نمونہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ راہگیروں نے نالے کے قریب لاشیں دیکھنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی تھی۔

ایس ایچ او انسپکٹر اللہ یار نے ڈان کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ جوڑا کل رات اپنے بچے کے ساتھ موٹر سائیکل پر کہیں جارہا تھا۔

پولیس کو ملنے والے ثبوتوں سے کہیں سے بھی یہ ظاہر نہیں ہورہا کہ یہ خودکشی کا کیس ہے کیونکہ جوڑے سمیت ایک بچے کو بھی گولیاں مارنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

اللہ یار نے مزید بتایا کہ لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

یہ خبر 21 جون 2016 کو اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔