لائف اسٹائل

’دھوم 4‘ کے لیے منتخب نہیں کیا گیا، سلمان خان

قیاس آرائیاں تھیں کہ ’دھوم 4‘ میں سلمان خان ولن کے روپ میں نظر آئیں گے، تاہم دبنگ خان نے ان افواہوں کی تردید کردی ہے۔

ممبئی: یش راج پروڈکشنز نے جب سے اپنی کامیاب فلم سیریز ’دھوم‘ کے چوتھے حصے ’دھوم ریلوڈڈ‘ کے حوالے سے خبر شیئر کی، اس دن سے مداح اس فلم کی کاسٹ کے حوالے سے جاننے کے لیے بے تاب ہیں۔

گزشتہ سال یش راج فلمز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ’دھوم ریلوڈڈ‘ جلد بنائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: سلمان اور رنویر ’دھوم ریلوڈڈ‘ میں ساتھ؟

اس کے فوری بعد فلم بینوں میں اس حوالے سے ہلچل مچ گئی کہ آخر فلم میں اس بار ولن کا کردار کون سا ہیرو کرے گا؟

ایک طرف جہاں اس سیریز سے بڑے بڑے نام جڑ چکے ہیں وہیں دبنگ اداکار سلمان خان کا نام بھی اس فلم میں ولن کے کردار کے لیے سامنے آیا۔

رپورٹس تھیں کہ ’دھوم 4‘ میں سلمان خان ولن کے روپ میں نظر آئیں گے، تاہم سلمان خان نے ان افواہوں کی تردید کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ‘دھوم 4 ’ میں کون ہوگا شامل؟

انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق سلمان خان سے جب اس فلم کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس فلم کے لیے منتخب نہیں کیا گیا، میں نہیں جانتا کیوں؟ لیکن کسی نے مجھ سے اب تک کچھ نہیں پوچھا‘۔

واضح رہے کہ 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دھوم‘ میں ابھیشیک بچن اور ادے چوپڑا نے پولیس افسر کا کردار ادا کیا تھا جو اس کے بعد آنے والے تمام حصوں میں ان ہی کرداروں کے ساتھ موجود رہے، تاہم فلم میں ولن کا کردار کرنے والے اداکار تبدیل ہوتے رہے۔

’دھوم‘ میں جان ابراہام نے ولن کا کردار ادا کیا تھا، 2006 میں ریلیز ہونے والی ’دھوم 2‘ میں ہریتھیک روشن موجود تھے، جبکہ 2013 کی فلم ’دھوم 3‘ میں عامر خان نے ولن کا کردار ادا کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ابھیشیک بچن دھوم کے نئے حصے سے باہر؟

بولی وڈ اداکارائیں بپاشا باسو، ایشوریا رائے، ایشا ویول، کترینہ کیف اور رمی سین بھی ان فلموں سے منسلک رہیں۔

دھوم سیریز کی اب تک ریلیز ہونے والی تمام فلمیں ہی باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ اس کا چوتھا حصہ باکس آفس پر کیا کمال دکھائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔