دنیا

آرمی چیف کی جرمن ہم منصب و وزیر دفاع سے ملاقات

جرمن ملٹری حکام نے پاکستانی فوج کے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تجربے سے سیکھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا،ترجمان پاک فوج

برلن: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف دو روزہ دورے پر جرمنی پہنچ گئے، جہاں انہوں نے جرمن ہم منصب اور وزیر دفاع سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی پہنچنے پر جنرل راحیل شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اپنے 2 روزہ دورے کے پہلے روز آرمی چیف کی اپنے جرمن ہم منصب اور وزیر دفاع سے ملاقاتوں میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی تعلقات، دفاعی اور سیکورٹی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جرمن ملٹری حکام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے تجربے سے سیکھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

گزشتہ سال دورہ جرمنی کے دوران آرمی چیف نے سینٹرل ساؤتھ ایشیا سیکیورٹی کانفرنس سے بھی خطاب کیا تھا۔

جرمنی کے دو روزہ دورے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف جمہوریہ چیک کا بھی ایک روزہ دورہ کریں گے اور وہاں کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔