صحت

بغیر ویٹ لفٹنگ کے اپنے مسلز مضبوط بنائیں

ہر شخص کو اپنے مسلز کو مضبوط اور بڑا کرنے کا شوق ہوتا ہے مگر کیا آپ کم محنت کرکے جسم بنانے کا طریقہ جانتے ہیں؟

ہر شخص کو اپنے مسلز کو مضبوط اور بڑا کرنے کا شوق ہوتا ہے مگر کیا آپ کم محنت کرکے جسم بنانے کا طریقہ جانتے ہیں؟

جی ہاں آپ بغیر ویٹ لفٹنگ کے بھی اپنے مسلز بناسکتے ہیں اور اگر ایسا چاہتے ہیں تو اپنے روزمرہ کے معمولات میں ان ٹرکس کو شامل کرلیں۔

فرش کی صفائی

جی ہاں اگر آپ اپنے مسلز بنانا چاہتے ہیں تو گھٹنوں کے بل جھک کر کسی کپڑے سے فرش کو اچھی طرح رگڑ کر صاف کرنے کی عادت ڈال لیں۔ یہ بازوﺅں کے لیے ایک اچھی ورزش ثابت ہوتی ہے جبکہ فرش بھی زیادہ چمک جاتے ہیں۔

سودا سلف کے تھیلے اٹھا کر چلنا

گاڑی میں گھر کا سودا لانے کو آپ مسلز بنانے کے موقع میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ بس گاڑی سے اتر کر دونوں ہاتھوں میں ایک، ایک تھیلا اس طرح اٹھائیں کہ کہنیاں آپ کے پہلوﺅں سے لگی ہوئی ہو جبکہ تھیلے کندھے کے قریب ہو۔ اس سے بائیسیپ مضبوط ہوں گے جبکہ گاڑی سے بار بار سامان اٹھا کر لے جانے سے کیلوریز میں جلیں گی۔

دیوار کو دھکا لگائیں

کسی دیوار کے سامنے ایک پیر سے کھڑے ہو اور پھر دونوں ہاتھوں سے چھ سے آٹھ سیکنڈ تک دیوار کو دھکیلنے کی کوشش کریں، یہ کام دروازوں کے ساتھ بھی کیا جاسکتا ہے۔ اس عمل کو دس بار وقفے وقفے سے دہرائیں۔

دھلے ہوئے کپڑوں کو لٹکائیں

گیلے کپڑوں کو بالٹی میں ڈالیں اور انہیں مطلوبہ مقام پر لے جاکر باہر نکال کر لٹکاتے ہوئے اپنے کندھوں سے اوپر تک اٹھا کر لگائیں۔

کرسی سے فائدہ اٹھائیں

کسی مضبوط مگر کم اونچی کرسی کے کونے میں اس طرح جائیں کہ پیر فرش پر اور گھٹے مڑے ہوئے ہو، اپنے ہاتھوں کی انگلیوں کو کولہوں کے برابر میں رکھیں اور اپنا جسمانی وزن ہاتھوں پر ڈالتے ہوئے کولہوں کو ایک انچ تک اٹھانے کی کوشش کریں اور آگے کی جانب کھسکیں۔ اب اپنی کہنیوں کو کولہوں کی جانب موڑ لیں اور آغاز کی پوزیشن پر واپس چلے جائیں۔ یہ عمل ایک سیٹ میں نو سے گیارہ بار دہرائیں اور مجموعی طور پر تین سیٹس لگائیں۔

میز کو بھی استعمال کریں

اپنی ہتھیلیوں کو آفس ڈیسک کے نیچے رکھ دیں اور اسے اوپر اٹھانے کی کوشش کریں، یہ عمل پانچ سیکنڈ تک جاری رکھیں اور اس وقت تک دہراتے رہیں جب تک تھکن محسوس نہ ہونے لگے۔

سرخ گوشت کا استعمال

اگر تو آپ ورزش کرنے کے عادی ہیں تو ہر ہفتے 25 اونس سرخ گوشت کو کھانا عادت بنالیں، جس سے جسمانی مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سرخ گوشت میں موجود امینوایسڈز ہوتے ہیں جو مسلز کی نشوونما کو بڑھاتے ہیں۔ تاہم کوشش کریں کہ کم از کم چربی گوشت کا حصہ ہو تاکہ دل محفوظ رہے۔

ہاتھوں کو آگے پیچھے کرنا

چہل قدمی کے دوران اپنے ہاتھوں کی حرکت پر توجہ مرکوز کریں، انہیں آگے پیچھے کریں اور جب کہنیاں پیچھے کی جانب جائیں تو شانوں کو سکیڑ لیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔