اسحاق ڈار کے بیٹے کاعمران خان پر ہرجانے کا دعویٰ
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیٹے علی مصطفیٰ ڈار نے پاناما لیکس کے حوالے سے جھوٹے الزامات عائد کرنے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف 5 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔
علی مصطفیٰ ڈارکی جانب سے عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد راجہ خرم علی خان نے کی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے ایڈوکیٹ بابر اعوان کو وکیل نامزد کیا گیا، جبکہ علی مصطفیٰ ڈار کی جانب سے بیرسٹر منور اقبال دُوگل عدالت میں پیش ہوئے۔
علی مصطفیٰ ڈار نے اپنے ہرجانے کے دعوی میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے پاناما لیکس کے حوالے سے پریس کانفرنس میں ان پر غیر قانونی جائیداد بنانے کا بے بنیاد الزام عائد کیا۔
یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کی 'آف شور' کمپنیوں کا انکشاف
دعویٰ میں علی مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ان پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں غیر قانونی جائیداد بنانے کا الزام بھی عائد کیا اور یہ الزامات میڈیا میں بھی رپورٹ ہوئے۔
علی مصطفیٰ نے مطالبہ کیا کہ عمران خان جھوٹے الزامات پر معافی مانگیں اور ہرجانے کے طور پر 5 ارب ادا کریں۔
عمران خان کی لیگل ٹیم نے ہتک عزت کے ہرجانہ کیس میں وکالت نامہ اور جواب دعویٰ داخل کرنے کے لیے مہلت طلب کی اور استدعا کی کہ کیس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:پاناما پیپرز کی دوسری قسط: 259 پاکستانیوں کے نام شامل
تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان کو جواب داخل کرنے کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27 جون تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں آف شور کمپنیوں کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لاء فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقتور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہوئے تھے۔
ان دستاویزات میں روس کے صدر ولادی میر پوٹن، سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان، آئس لینڈ کے وزیراعظم، شامی صدر اور پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سمیت درجنوں حکمرانوں کے نام شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاناما لیکس میں مزید بڑے ناموں کا انکشاف
پاناما لیکس میں 200 کے قریب دیگر پاکستانیوں کے نام بھی سامنے آئے تھے۔
اس سلسلے میں وزیر اعظم نے ایک اعلیٰ سطح کا تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اس کمیشن کے ٹی او آرز پر حکومت اور حزب اختلاف میں ابھی تک اتفاق نہیں ہو سکا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔