گجرات فسادات: 24 میں سے 11 مجرمان کو عمر قید
خصوصی عدالت نے دیگر مجرمان میں سے ایک کو 10 سال جبکہ 12 کو سات سال قید کی سزا سنائی۔
احمد آباد: ہندوستان کی ریاست گجرات میں خصوصی عدالت نے گلبرگ سوسائٹی قتل عام کیس میں مجرم قرار دیے گئے 24 افراد میں سے 11 کو عمر قید کی سزا سنادی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق مجرم قرار دیئے جانے والوں میں سے 11 کو قتل جبکہ 13 کو دیگر الزامات میں مجرم ٹھہرایا گیا تھا۔
خصوصی عدالت نے قتل کے 11 مجرمان کو عمر قید کی سزا سنائی گئی، دیگر الزامات کے تحت مجرم قرار دیے جانے والے 13 افراد میں سے ایک کو 10 سال جبکہ 12 کو 7 سال قید کی سزا سنائی۔
یہ بھی پڑھیں: گجرات فسادات: 24 انتہا پسند مجرم قرار
عدالت سے سزا پانے والوں میں ہندو انتہا پسند تنظیم وشوا ہندو پریشد کے رہنما اتُل ویدیہ بھی شامل ہیں۔
سزا سنائے جاتے وقت عدالت کا کہنا تھا کہ یہ افراد معاشرے کے لیے داغ نہیں ہیں، بلکہ انہیں سدھارا جاسکتا ہے۔
عدالت نے تمام ہندو انتہا پسندوں کو 2 جون کو مجرم قرار دیا تھا، جبکہ 36 افراد کو بری کردیا گیا تھا۔