کھیل

ریو اولمپک کوالیفائر: 5رکنی باکسنگ دستہ باکو روانہ

اگر پاکستان کا کوئی باکسر ریو اولمپک کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوا تو یہ 2004 کے بعد پہلا موقع ہوگا۔

اسلام آباد: ریواولمپک کوالیفائی راؤنڈ میں شرکت کے لیے پانچ رکنی پاکستانی باکسنگ دستہ باکو روانہ ہوگیا۔

کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے ابتدائی طورپر سات رکنی دستے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم فٹنس مسائل کے باعث 5 ارکان تک محدود ہوگیا ہے۔

پاکستان باکسنگ فیڈریشن (پی بی ایف) کےسیکرٹری اقبال حسین کے مطابق امریکا میں پیدا ہونے والے عمر چیمہ اور عامر خان فٹنس مسائل سے دوچار ہیں اور اب وہ کوالیفائنگ مرحلے میں شرکت نہیں کریں گے۔

اقبال حسین کا کہنا تھا کہ 'اویس علی خان 81 کلو گرام، محمد تنویر 78 کلوگرام، علی احمد 60 کلوگرام، نعمت اللہ 56 کلوگرام اور محمد آصف 52 کلوگرام کی کیٹگری میں ریو اولمپک میں شرکت کرنے کے خواب کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے'۔

ریواولمپک کے کوالیفائنگ راؤنڈ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں 16 جون سے شروع ہوگا۔

یاد رہے اگر کوئی پاکستانی باکسر اولمپک تک رسائی میں کامیاب ہوتا ہے تو یہ 12 سال میں پہلا موقع ہوگا ۔

پاکستان کی جانب سے ایتھنز اولمپک 2004 میں 5 باکسروں نے مختلف کیٹگریوں میں شرکت کی تھی تاہم ان میں سے کوئی بھی باکسر کوارٹرفائنل تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہوا تھا۔

سید حسین شاہ پاکستان کے واحد باکسر ہیں جنھوں نے 1988 کے سیول اولمپک گیمز میں 71-75 کلوگرام کی کیٹگری میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

یہ خبر 15 جون کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔