امریکا:ہم جنس پرستوں کے کلب میں فائرنگ، 50 ہلاک
اورلینڈو: امریکی ریاست فلوریڈا کے جنوبی شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب میں فائرنگ سے 50 افراد ہلاک اور 53 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں شہر کے میئر اور مقامی پولیس نے فائرنگ کے دوران ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کردی ہے۔
سانحے پر امریکی صدر براک اوباما نے اپنے خطاب میں متاثرہ افراد اور ان کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ حملے کی واضح وجوہات سامنے نہیں آسکیں اور اس حوالے سے متعلقہ محکمے مزید تحقیقات کررہے ہیں۔
صدر اوباما نے کہا کہ ایف بی آئی حملہ آور کی دہشت گردوں سے تعلق کی تحقیقات کررہی ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکی تاریخ میں آج سب سے مہلک حملہ ہوا، آج بہت دل دکھا دینے والا دن ہے۔
اورلینڈو کے میئر بڈی ڈیئر نے ایک نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ متاثرہ عمار کو کلیئر کروالیا گیا ہے تاہم ہلاکتوں کی تعداد 20 سے بڑھ کر 50 ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر 53 افراد کو ہسپتالوں میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
شہر کے میئر نے شہر میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ گورنر سے ریاست میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
ایک سینئر ایف بی آئی افسر نے فائرنگ کرنے والے شخص کو عمر متین کے نام سے شناخت کیا ہے جو ایک افغان نژاد امریکی ہیں اور جن کی ممکنہ طور پر ہمدردیاں داعش کے ساتھ تھیں۔
انہوں نے اسے 'دہشت گردی' کا واقعہ قرار دیا تاہم انہوں ملزم کی کسی شدت پسند تنظیم سے وابستگی کی تصدیق نہیں کی اور کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جائیں گی۔