دنیا

چین: ایئر پورٹ پر دھماکے میں 3 افراد زخمی

دھماکے کے بعد امدادی کارکن ایئرپورٹ کے متاثرہ مقام پر پہنچ گئے اور ریسکیو کی سرگرمیاں شروع کر دیں۔

شنگھائی : چین کے شہر شنگھائی میں ائیر پورٹ پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔

چینی میڈیا کے مطابق شنگھائی میں پوڈونگ ایئرپورٹ پر دھماکا ہوا۔

دھماکے کے بعد امدادی کارکن ایئرپورٹ کے متاثرہ مقام پر پہنچ گئے اور ریسکیو کی سرگرمیاں شروع کر دیں۔

سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زخمی افراد کو امدادی کارکن طبی امداد کے لیے منتقل کیا جا رہا ہے۔

چین کے خبر رساں ادارے چائنہ ڈیلی نے ایئر پورٹ حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ دھماکا گھریلو ساختہ بارودی مود سے کیا گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ دھماکے میں ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر 2 کو نشانہ بنایا گیا۔

چینی خبر رساں ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے متاثرہ مقام کو گھیرے میں لے لیے۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے حفاظتی باڑ لگا کر ٹرمینل نمبر 2 کو بند کر دیا جبکہ متاثرہ مقام سے شواہد جمع کرنے کی کارروائی شروع کر دی۔

دھماکے کے بعد جاری ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سامان کے درمیان دھماکا ہوا۔

دھماکا ہونے کے بعد وہاں موجود مسافر اور دیگر افراد خوف زدہ ہو گئے جبکہ کاؤنٹرز پر موجود عملہ نے بھی کام چھوڑ دیا۔

خیال رہے کہ چین میں عام طور پر نئے سال کے آغاز پر آتش بازی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے جس میں گھریلو تیار کردہ آتش گیر مادے کا استعمال عام ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔