لائف اسٹائل

عامر خان خلاء باز بنیں گے

بولی وڈ اداکار عامر خان ہندوستان کے پہلے خلاء باز راکیش شرما کی سوانح حیات پر مبنی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

بولی وڈ میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے نام سے مشہور عامر خان فلموں کا انتخاب نہایت سوچ سمجھ کر کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ مداحوں کو ان کی فلموں کا بے صبری سے انتظار رہتا ہے۔

ہر سال صرف ایک ہی فلم میں کام کرنے والے عامر اس وقت اپنی فلم ’دنگل‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں وہ ایک پہلوان کا کردار ادا کر رہے ہیں اور اب خبریں ہیں کہ اداکار اپنی اگلی فلم میں ایک خلاء باز کا کردار ادا کریں گے۔

مزید پڑھیں: ’دنگل‘ کا پہلا پوسٹر جاری

بولی وڈ میں آج کل سوانح حیات پر مبنی فلمیں بنائی جارہی ہیں اور ہر اداکار کسی نہ کسی مشہور شخصیت کی زندگی پر بننے والی فلم میں کام کرنے کا خواہش مند ہے۔

عامر خان کی آنے والی فلم ’دنگل‘ بھی مہاویر سنگھ پھوگٹ نامی پہلوان کی زندگی پر بنائی گئی ہے اور اب وہ ہندوستان کے پہلے خلاء باز راکیش شرما کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔

بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق 51 سالہ عامر خان بہت جلد اپنی فلم ’دنگل‘ کی شوٹنگ ختم کرنے والے ہیں جس کے بعد وہ اس کی تشہیر کا آغاز کردیں گے۔

'دنگل' کی تکمیل کے بعد عامر خان ہندوستان کے پہلے خلاء باز راکیش شرما کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں کام کا آغاز کریں گے جو یقیناً عامر کے لیے کافی دلچسپ کردار ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: ’انڈین خلاء باز نے خلاء میں پہلا شعر اقبال کا پڑھا‘

راکیش شرما ہندوستان کے پہلے ایئر فورس پائلٹ تھے، جنہوں نے 1984 میں خلاء کا سفر کیا تھا۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران جب اُس دور کے ہندوستانی وزیراعظم اندرا گاندھی نے راکیش شرما سے سوال کیا تھا کہ خلاء سے ہندوستان کیسا نظر آیا تو ان کے جواب نے سب کا دل جیت لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا ’سارے جہاں سے اچھا‘۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔