اوپن ہارٹ سرجری کے بعد وزیراعظم گھر پہنچ گئے
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف اوپن ہارٹ سرجری کے بعد ہسپتال سے لندن میں موجود اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق ہسپتال سے روانہ ہونے کے موقع پر ان کی بیوی کلثوم نواز اور بیٹے حسن اور حسین نواز بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
ہسپتال کے باہر وزیراعظم کے معالج ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نوازشریف کے فالو اپ کا پلان ترتیب دیا گیا ہے اور وہ جلد ہسپتال آئیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کی صحت یابی پر ڈاکٹروں کی ٹیم کو خوشی ہے۔
ادھر نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اس پیشرفت کی تصدیق کردی ہے۔
اس سے قبل مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف تیزی سے روبصحت ہورہے ہیں۔ وہ سیڑھیاں بھی چڑھے اور اترے اور ڈاکٹرز نے انھیں ہسپتال کی راہداری میں کئی مرتبہ چہل قدمی بھی کرائی۔
مزید پڑھیں:نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری
وزیراعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری سے متعلق خبر سامنے آنے کے بعد سے 'شریف کیمپ' سے مریم نواز شریف نے میڈیا مینیجمنٹ کی کمان سنبھال رکھی ہے اور وہ اپنے والد کی طبی حالت سے متعلق اَپ ڈیٹس کرتی رہتی ہیں۔
وزیراعظم کے اوپن ہارٹ سرجری کے فیصلے سے لے کر آپریشن کے بعد ان کی پہلی تصویر ٹوئیٹ کرنے تک مریم نواز نے اس حوالے سے تمام تفصیلات فراہم کیں کہ مریض کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں کب تک رکھا جائے گا اور یہ بھی کہ وزیراعظم کی وطن واپسی کب تک متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا آپریشن: مریم نواز بنیں ترجمان
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 31 مئی کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے ہسپتال میں وزیراعظم نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی، جس کے بعد انھیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا۔
مریم نواز کے مطابق رمضان کے اختتام سے قبل وزیراعظم کی وطن واپسی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم رمضان کے اختتام سے قبل وطن لوٹیں گے، مریم نواز
وزیراعظم کے طبی دورے پر روانگی کے بعد ہی مختلف حلقوں میں اس حوالے سے سوالات اٹھنا شروع ہوگئے تھے کہ ان کی غیر موجودگی میں امور مملکت کس کے سپرد ہوں گے، جس کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے بیان جاری کیا گیا کہ وزیراعظم لندن سے ہی تمام ملکی امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ہارٹ سرجری سے قبل وزیراعظم نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی بذریعہ ویڈیو لنک صدارت بھی کی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے پیش کی گئیں بجٹ تجاویز کی منظوری بھی دی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔