چلتے ہو تو چین کو چلیے
مجھے چین جدید اور قدیم کا امتزاج لگا، جہاں آسمان سے باتیں کرتی اونچی عمارتیں بھی ہیں وہاں تنگ و تاریک مکانوں کے غریب باسی بھی، جہاں چمچماتی گاڑیاں بھی ہیں وہاں قلیل قیمت کی سائیکلیں اور موٹر سائیکلیں، جہاں دنیا کے سب سے امیر لوگ بھی بستے ہیں وہاں خوابوں کے پیچھے دوڑتے ہوئے غرباء بھی۔
دھڑا دھڑا زمین ادھیڑ ادھیڑ کر نئی عمارتوں کو تعمیر کیے جانے کو ہی شاید ترقی پذیر ہونا کہتے ہیں۔ صرف کتابوں میں پڑھے اور دوستوں سے سنے چین کی سیر آج میرے ساتھ کیجیے، یا بقول ابنِ انشاء، چلتے ہو تو چین کو چلیے۔
سفر چین کی تیاری
آپ کے علم میں ہو گا کہ گوگل میاں کو چین میں دم مارنے کی جا نہیں، اس لیے گوگل پر منحصرہ تمام اشیاء چین میں داخلے کے بعد بند ہو جاتی ہیں، جیسا کہ جی میل، یو ٹیوب، سب سے بڑھ کر گوگل کے نقشہ جات اور ٹرانسلیٹر۔ ایسے میں وہاں جا کر آپ کسی کو کیسے سمجھا پائیں گے کہ آپ کو کہاں جانا ہے، تاہم تمام منزلوں کے پتے انگلش اور چائنیز زبانوں میں لکھ کر اپنے پاس رکھ لیے تاکہ کسی بھی شخص سے مدد لی جا سکے۔