پاکستان

بااثر شخص کا دکانداروں کو برہنہ کرکے تشدد

جہلم میں ایک بااثر شخص نے مرضی کے مطابق مرغی کا گوشت فراہم نہ کرنے پر 2 بھائیوں پر سرعام تشدد کیا۔

جہلم : صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں ایک بااثر شخص نے دکاندار کی جانب سے مرضی کے مطابق مرغی کا گوشت فراہم نہ کرنے پر 2 بھائیوں کو پر سرعام تشدد کیا۔

دونوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ڈیرے پر لے جایا گیا — فوٹو : ڈان نیوز

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق جہلم کے علاقہ جادہ میں ایک بااثر شخص چوہدری واصف کا بھتیجا مرغی کی دکان پر گوشت لینے گیا، تاہم اسے اس کی مرضی کے مطابق گوشت نہ ملا۔

نوجوان نے یہ بات اپنے والد چوہدری ذوالفقار کو بتائی جو سیخ پا ہوگئے، جو بیٹوں اور محافظوں کے ہمراہ پولٹری شاپ پر گئے۔

چوہدری ذوالفقار نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ان دونوں بھائیوں نوید اور عثمان پر مرکزی چوک میں برہنہ کرکے تشدد کیا جبکہ بعد ازاں دونوں پر تشدد کرتے ہوئے اپنے ڈیرے پر لے گئے۔

ایک بھائی کو زخمی حالت میں ہسپتال بھی منتقل کیا گیا — فوٹو : ڈان نیوز

مقامی افراد کے مطابق ان دونوں بھائیوں پر ڈیرے میں مزید تشدد بھی کیا گیا، اس دوران شہرہوں کی مداخلت پر دونوں بھائیوں کی جان بخشی ہوئی۔

ایک مرغی فروش کو زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

زخمی بھائیوں کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ علاقے کے ان بااثر افراد کی جانب سے ایف آئی آر کے اندراج پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

دونوں مرغی فروش بھائی گجر پور کے رہائشی ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔