اسمارٹ شناختی کارڈ سستا
وفاقی حکومت کی جانب سے اسمارٹ شناختی کارڈ کی فیس میں نمایاں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
نیشنل رجسٹریشن اینڈ ڈیٹا بیس اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے اسمارٹ کارڈ بنانے پر 1500 روپے کی فیس لی جارہی تھی۔
تاہم وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے نادرا کو اسمارٹ کارڈ کی قیمت میں کمی کی ہدایت کی تھی جس کے بعد اسمارٹ کارڈ کی فیس 1500 روپے سے کم کرکے 400 روپے کر دی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ اسمارٹ شناختی کارڈ کے فوری حصول کے لیے فیس 800 روپے جبکہ ایگزیکٹو اسمارٹ کارڈ 1600 روپے میں حاصل کیا جاسکے گا۔
خیال رہے کہ نادرا نے 2012 میں اسمارٹ کارڈ کا اجراءکیا تھا اور اس وقت کے نادرا چیئرمین طارق ملک کا کہنا تھا " نیا اسمارٹ شناختی کارڈ پہلے والے کارڈ سے الگ ہوگا جس میں تقریباً چھتیس فیچرز موجود ہوں گے"۔
نادرا کے چیئرمین نے کہا کہ جرمنی اور بیلجیئم ایسے کارڈ کا تجربہ کرچکے ہیں اور اب پاکستان اس پوزیشن میں ہے کہ ایسے کارڈوں کا اجراءکیا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کارڈ کے اخراجات پرانے کارڈ کے مقابلے میں زیادہ نہیں ہوں گے۔
مزید پڑھیں : پاکستان اسمارٹ شناختی کارڈ جاری کرے گا
دوسری جانب گزشتہ دنوں وفاقی وزیر داخلہ نے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے 6 ماہ میں تمام شناختی کارڈز کی تصدیق کرانے کا اعلان کیا تھا۔
یہ فیصلہ ان اطلاعات کے بعد کیا گیا تھا کہ افغان طالبان کے امیر ملا اختر منصور کو ولی محمد کے نام سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا جو 21 مئی کو بلوچستان کے دور دراز علاقے میں امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : 6 ماہ میں تمام شناختی کارڈز کی تصدیق کا اعلان
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔